لاہور: اسٹیج اداکارہ کا نشہ آور مشروب پلا کر زیادتی اور ویڈیو بنانے کا الزام، مقدمہ درج

لاہور: سبزہ زار پولیس نے اسٹیج اداکارہ عروج کی درخواست پر ایک شخص کے خلاف مبینہ جنسی زیادتی، برہنہ ویڈیو بنانے اور بلیک میلنگ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
درخواست میں اداکارہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ناصر خان نے پہلے اس سے دوستی کی اور بعد ازاں اسٹیج ڈرامے بنانے اور کام دلوانے کا جھانسہ دے کر اس کے گھر آنا جانا شروع کردیا۔
خاتون کے مطابق ملزم نے تعلقات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے اپنے گھر بلایا، جہاں مبینہ طور پر نشہ آور جوس پلانے کے بعد اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ واقعے کے بعد ملزم نے اس کی برہنہ ویڈیو بھی ریکارڈ کرلی۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم مبینہ طور پر ویڈیو کی بنیاد پر اداکارہ کو بلیک میل کررہا ہے اور اسے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ نامزد ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم کو جلد گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ 2024 میں بھی ناصر خان نامی شخص کی جانب سے اداکارہ عروج خان کے گھر پر دن دہاڑے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔
اس وقت پولیس ذرائع نے بتایا تھا کہ ناصر خان مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر اداکارہ سے تعلق قائم کرنا چاہتا تھا اور چند روز سے اسے ہتھیار کے ذریعے دھمکیاں بھی دے رہا تھا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں