پی ٹی اے نے غیر اخلاقی مواد سے متعلق 10 لاکھ 65 ہزار سے زائد یو آر ایل بلاک کردیے

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر اخلاقی مواد سے متعلق 10 لاکھ 65 ہزار سے زیادہ یو آر ایل بلاک کردیے ہیں۔
دستاویز کے مطابق غیر اخلاقی مواد کی کیٹیگری میں 563 یو آر ایل اس وقت زیرِ جائزہ ہیں جبکہ 9 ہزار 528 درخواستیں مسترد کی گئی ہیں۔ اسی کیٹیگری میں 10 لاکھ 65 ہزار سے زائد یو آر ایل کو بلاک کیا جاچکا ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ دہشتگردی سے متعلق ایک لاکھ 79 ہزار 285 یو آر ایل بلاکنگ کے لیے بھیجے گئے، جن میں سے ایک لاکھ 41 ہزار 897 یو آر ایل بلاک کردیے گئے جبکہ 23 ہزار 241 یو آر ایل تاحال جائزے کے مرحلے میں ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اسلام کی عظمت کے خلاف مواد کی کیٹیگری میں ایک لاکھ 36 ہزار 891 یو آر ایل پر کارروائی کی گئی، جبکہ پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے خلاف مواد کے حوالے سے ایک لاکھ 25 ہزار 427 یو آر ایل پراسیس کیے گئے۔
پی ٹی اے کے مطابق پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے خلاف مواد کے 74 ہزار 59 یو آر ایل بلاک کیے گئے۔ اسی طرح فرقہ وارانہ اور نفرت انگیز مواد کی کیٹیگری میں 76 ہزار 526 یو آر ایل پراسیس کیے گئے۔
دستاویز کے مطابق پراکسی کیٹیگری میں مجموعی طور پر 10 ہزار 319 یو آر ایل سامنے آئے، جن میں سے 10 ہزار 318 کو بلاک کردیا گیا۔
بدنامی اور نقالی سے متعلق کیٹیگری میں 44 ہزار 200 یو آر ایل پراسیس کیے گئے جبکہ 17 ہزار 356 یو آر ایل بلاک کیے گئے۔
دستاویز کے مطابق مختلف کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 15 لاکھ 42 ہزار 800 یو آر ایل بلاک کیے جاچکے ہیں، جبکہ 76 ہزار 874 یو آر ایل زیرِ جائزہ ہیں اور ایک لاکھ 6 ہزار 629 یو آر ایل مسترد کیے گئے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں