نوجوانوں کو روزگار دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان صلاحیتوں سے مالا مال اور باوقار ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرے۔
نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کی آبادی میں نوجوانوں کا حصہ 60 فیصد سے زیادہ ہے، اس لیے ان کی ذہنی، جسمانی، فکری اور علمی تربیت و نشوونما کے لیے مناسب وسائل اور سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید اور معیاری تعلیم کے ساتھ فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع بھی فراہم کرے۔ نوجوان نسل کو مفت آئی ٹی تعلیم سے آراستہ کرکے انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جاسکتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا بنو قابل پروگرام نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دینے اور انہیں باعزت روزگار کے قابل بنانے میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کے حقوق اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کر رہی ہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کی ترقی ہی ملک کی پائیدار ترقی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں