ملتان(شیخ نعیم سے) ملتان سمیت پنجاب بھر میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان مبینہ پولیس مقابلوں کا سلسلہ رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران بھی جاری رہا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق- جنوری سے جون 2026 تک صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 1012 مبینہ پولیس مقابلے رپورٹ ہوئے، جن کے دوران 4 پولیس اہلکار شہید جبکہ 38 اہلکار زخمی ہوئے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق- مبینہ پولیس مقابلوں میں 315 ملزمان ہلاک ہوئے، جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران 925 ملزمان زخمی ہوئے۔ مختلف کارروائیوں میں 468 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔ پولیس کے مطابق- ہلاک، زخمی اور گرفتار ملزمان میں متعدد ایسے جرائم پیشہ عناصر شامل تھے جو قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، اجتماعی زیادتی سمیت دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق- صوبہ بھر میں مختلف کارروائیوں کے دوران پولیس ٹیموں کو جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے مزاحمت اور فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا، جس پر پولیس اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ متعدد مبینہ مقابلوں کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ بعض واقعات میں ملزمان زخمی حالت میں پولیس کے ہاتھ لگے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث گروہوں اور اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق چھ ماہ کے دوران 1012 مبینہ پولیس مقابلوں میں 315 ملزمان کی ہلاکت اور 925 کے زخمی ہونے کے علاوہ پولیس فورس کو بھی جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ 4 اہلکاروں کی شہادت اور 38 کے زخمی ہونے سے اندازہ ہوتا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران پولیس اہلکاروں کو بھی سنگین خطرات کا سامنا رہا۔ پولیس حکام کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، سنگین جرائم کی روک تھام اور مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں، سرچ آپریشنز، ناکہ بندیوں اور چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں قانون کے مطابق جاری رکھی جائیں گی جبکہ مبینہ پولیس مقابلوں کے ہر واقعے میں قانونی تقاضوں اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔







