پاکستانی ٹی وی میزبان متھیرا نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں مردوں پر غیر معمولی ذمہ داریاں عائد کر دی جاتی ہیں، جس کے باعث وہ اپنے جذبات اور ذہنی دباؤ کا اظہار بھی نہیں کر پاتے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران متھیرا نے مرد و خواتین کے سماجی کرداروں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں معاشرے میں مردوں کے ساتھ بھی کئی مواقع پر ناانصافی ہوتی ہے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی خاتون کسی مرد پر نامناسب رویے کا الزام عائد کرے تو اکثر لوگ بغیر حقیقت جانے فوری ردعمل دیتے ہیں اور معاملے کی مکمل جانچ کی ضرورت محسوس نہیں کرتے۔
متھیرا کا کہنا تھا کہ معاشرے نے مردوں کو صرف ذمہ داریاں نبھانے والی “مشین” بنا دیا ہے۔ ان کے مطابق بچپن سے مردوں کو اپنے جذبات دبانے کی تربیت دی جاتی ہے اور مسلسل ذمہ داریوں کا بوجھ انہیں ذہنی طور پر تھکا دیتا ہے، جس کے اثرات ان کی خاندانی اور سماجی زندگی پر بھی پڑتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے مرد ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں، مگر معاشرتی دباؤ کے باعث وہ اپنے جذبات یا مشکلات کھل کر کسی کے ساتھ شیئر نہیں کر پاتے۔







