آئی سی سی کے نئے ورلڈکپ فارمیٹ سے پاکستان اور بھارت کے اضافی میچ کا امکان

آئی سی سی نے 2027 کے ون ڈے ورلڈکپ کے لیے نئے فارمیٹ کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ایونٹ میں ایک اضافی مقابلہ دیکھنے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے 2027 کے ورلڈکپ میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں شریک ہوں گی، تاہم مرکزی مرحلے سے قبل کم درجہ بندی والی تین ٹیمیں پری کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلیں گی، جہاں سے صرف ایک ٹیم اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
اس کے بعد 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جن میں ہر گروپ میں چھ، چھ ٹیمیں شامل ہوں گی۔ نئے نظام کے تحت آئی سی سی نے سابقہ سپر سکس مرحلے کی جگہ سپر سیون متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ اس بار کوارٹر فائنل مرحلہ بھی نہیں ہوگا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ نئے فارمیٹ کا مقصد ٹورنامنٹ کو مزید دلچسپ، مسابقتی اور ہر میچ کی اہمیت میں اضافہ کرنا ہے، جس کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک اضافی میچ ہونے کا امکان بھی پیدا ہوا ہے۔
دوسری جانب آئی سی سی نے 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فارمیٹ میں بھی تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔ 20 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں گروپ مرحلے کے بعد 10 ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچیں گی، جہاں سرفہرست دو ٹیمیں براہِ راست سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، جبکہ باقی دو سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ نئے ایلیمینیٹر مرحلے کے ذریعے ہوگا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں