ڈاکٹر اختر کالرو 2012 میں پرائم منسٹر ڈائریکٹو پر تعینات،مستقبل میں مراعات،اختیارات کیلئے الیکشن مہم شروع کردی
الیکشن کمیشن کی ہدایات کی خلاف ورزی،نواب پور کے 200 کے قریب بھرتی افرادکوالیکشن کمپین کا ٹاسک، ایک ماہ کی ڈھیل
ملتان( سٹاف رپورٹر ) این ایف سی یونیورسٹی ملتان کے غیر قانونی وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اختر کالرو کی طرف سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کی کھلم کھلا خلاف ورزی۔ تفصیل کے مطابق این ایف سی یونیورسٹی ملتان کے غیر قانونی وائس چانسلر ڈاکٹر اختر کالرو کو 2012 میں اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سیاسی بنیادوں پر قانون اور قواعد و ضوابط کے برعکس پرائم منسٹر ڈائریکٹو پر تعینات کیا تھا، اپنی تعیناتی کا قرض اتارنے کے لیے سید یوسف رضا گیلانی جو کہ کالرو کے علاقے نواب پور سے ایم این اے کا الیکشن لڑ رہے ہیں کو جتوانے کے لیے سر توڑ کوششیں شروع کر دی ہیں تاکہ این ایف سی یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر کی چوتھی تعیناتی حاصل کی جا سکے اور 2017 سے غیر قانونی وائس چانسلر شپ کو جاری رکھا جا سکے اور گزشتہ 7 سال کا غیر قانونی قبضہ قانون کے دائرے میں لایا جا سکے۔وہ یہ بات بہت سے پروفیسر حضرات کے سامنے کر چکے ہیں جن میں سے ایک پروفیسر مرزا زوہیب کے مطابق غیر قانونی وائس چانسلر ڈاکٹر اختر کالرو نے کہا کہ صدر پاکستان میرے مخالف ہیں، وزیراعظم آفس میرے مخالف ہے، وزارت تعلیم ، وزارت صنعت و پیداوار میری مخالف ہے۔ وزارت قانون، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میری مخالف ہیں لیکن میں پھر بھی سب کو چنوتی دے کر بیٹھا ہوں اور تاحیات بیٹھا رہوں گا۔ مجھے کوئی نہیں ہلا سکتا۔ ڈاکٹر اختر کالرو جو کہ 31 جنوری کو 65 سال کے ہو جائیں گے مگر وہ اب بھی یہ کرسی چھوڑنے کو تیار نہیں اور اس بابت صدر عارف علوی جو کہ اس یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں، ان کے تمام غیر قانونی اقدامات کی توثیق کر رہے ہیں کیونکہ بارہا اس بابت صدر پاکستان، سیکرٹری وفاقی وزارتِ تعلیم ، ہایٔر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان ، اور متعلقہ اداروں کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی مگر سب بے بس ہیں۔ مزید برآں ڈاکٹر اختر کالرو جنہوں نے اپنے علاقے نواب پور کے 200 کے قریب افراد اس یونیورسٹی میں بھرتی کیے ہوئے ہیں، ان سب کو الیکشن میں سید یوسف رضا گیلانی اور ان کے بیٹے علی موسی گیلانی کی الیکشن کمپین کے لیے تیار کر رہے ہیں۔ اسی بابت ایک اسلامیات کے ٹیچر طاہر بخاری جو کہ کالرو کے کرتا دھرتا سمجھے جاتے ہیں اور جو 2017 تک بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اسلامیات میں 11 سکیل میں کلرک تعینات تھے، ان کو ڈاکٹر کالرو نے 2017 میں ڈائریکٹ گریڈ 18 میں این ایف سی یونیورسٹی ملتان میں تعینات کیا تھا۔ ان کی ڈیوٹی یہ لگائی گئی ہے کہ انہوں نے نواب پور کے جو 200 لوگ این ایف سی یونیورسٹی ملتان میں تعینات ہیں ان کو سید یوسف رضا گیلانی اور موسیٰ گیلانی کی الیکشن کمپین کے لیے ایک ماہ کی ڈھیل دے رکھی ہے اور اسی بابت تمام نواب پور کے این ایف سی ملازمین کو یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام لوگ اپنے گھروں پر پیپلز پارٹی کا جھنڈا آویزاں کریں اور پیپلز پارٹی کو جتوانے میں اہم کردار ادا کریں۔ اسی بابت 15 جنوری 2024 کو سنٹرل لائبریری کے افتتاح کے موقع پر تمام نواب پور کے ملازمین کی الیکشن میں پیپلز پارٹی کو ووٹ نہ دینے کی مبینہ دھمکیوں کے باعث تنخواہوں میں اضافے کا بھی اعلان کیا جا رہا ہے۔ اسی بابت موسی گیلانی این ایف سی یونیورسٹی ملتان کا دورہ کر کے ان ملازمین سے ملاقات بھی کر چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو اس بارے آگاہ کر دیا گیا ہے۔







