پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کے تازہ ریلیز ہونے والے گانے ’’آرزو‘‘ نے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کر لی ہے، تاہم اس کے ساتھ ہی ایک نئی بحث بھی جنم لے چکی ہے۔
متعدد سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ گانے کے ایک حصے میں سنائی دینے والی آواز اداکارہ ہانیہ عامر کی ہو سکتی ہے، جس نے مداحوں میں تجسس کو مزید بڑھا دیا ہے۔
عاصم اظہر نے حال ہی میں ’’آرزو‘‘ کے نام سے یہ گانا ریلیز کیا ہے، جس میں وہ خان، مادھورکسو اور نور کے ساتھ شامل ہیں۔ گانے کو ریلیز کے بعد مختلف پلیٹ فارمز پر بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور مداحوں کی جانب سے اسے خوب سراہا جا رہا ہے۔
قیاس آرائیوں کا آغاز اس وقت ہوا جب عاصم اظہر نے انسٹاگرام پر گانے کی ایک ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو میں موجود ایک لائن ’’پھر سے بولو‘‘ نے صارفین کی خاص توجہ حاصل کی، جس کے بعد کئی صارفین نے اندازہ لگانا شروع کر دیا کہ یہ آواز ہانیہ عامر کی ہو سکتی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف تبصرے جاری ہیں، جہاں کچھ صارفین نے ہانیہ عامر کو ٹیگ کرتے ہوئے اس بارے میں سوالات بھی اٹھائے کہ آیا واقعی وہ اس گانے کا حصہ ہیں یا نہیں۔
تاہم تاحال عاصم اظہر اور ہانیہ عامر دونوں کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی، جس کے باعث مداحوں کے درمیان بحث اور تجسس مزید بڑھ گیا ہے۔







