پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے موجودہ مرحلے سے بھرپور لطف اندوز ہو رہی ہیں اور انہیں اس بات کی کوئی فکر نہیں کہ مستقبل میں انہیں روایتی ہیروئن کے کردار ملنا کم یا بند ہو جائیں گے۔
دبئی میں منعقدہ ایک ادبی و ثقافتی تقریب کے دوران خصوصی نشست ’’کہانی سے کردار تک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے اپنے کیریئر، شہرت اور اداکاری کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ کامیابی اور مداحوں کی محبت ان کے لیے بہت اہم ہے اور وہ اپنے چاہنے والوں کے ساتھ مضبوط تعلق کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہوتی ہے جب لوگ ان سے محبت کا اظہار کرتے ہیں، تاہم وہ اس حقیقت سے بھی آگاہ ہیں کہ شہرت اور کامیابی ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہتیں، اسی لیے ان کی اصل توجہ ہمیشہ اپنے کام اور فن پر مرکوز رہتی ہے۔
اداکارہ نے اعتماد کے ساتھ کہا کہ وہ اپنی موجودہ عمر اور زندگی کے اس مرحلے سے مطمئن ہیں۔ ان کے مطابق ایک وقت ایسا ضرور آئے گا جب روایتی ہیروئن کے کردار ان کے حصے میں نہیں آئیں گے، اور وہ اس حقیقت کو مکمل طور پر قبول کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ماہرہ خان نے ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز سے درخواست کی کہ انہیں صرف روایتی کرداروں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ مختلف اور منفرد کردار ادا کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے نئے پہلو ناظرین کے سامنے لا سکیں۔







