مومنہ اقبال ہراسانی کیس: لیگی ایم پی اے کی عبوری ضمانت منظور

لاہور: اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے درج کرائے گئے ہراسانی کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں سیشن کورٹ نے لیگی ایم پی اے ثاقب چڈھر کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج عرفان احمد شیخ نے عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، جس کے دوران عدالت نے ملزم کو 24 جون تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔
ثاقب چڈھر کی جانب سے ایڈووکیٹ میاں علی اشفاق عدالت میں پیش ہوئے۔ اس سے قبل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے اداکارہ م مومنہ اقبال کی شکایت پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
مقدمے کے مطابق شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم نے شادی کی پیشکش مسترد ہونے کے بعد مبینہ طور پر انہیں ہراساں کرنا شروع کیا۔ الزام ہے کہ دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے، کردار کشی کی گئی اور مختلف ذرائع سے بلیک میلنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خاتون کی مبینہ نازیبا ویڈیوز اور نجی معلومات ان کی اجازت کے بغیر مختلف افراد تک پہنچائی گئیں، جس سے ان کی ذاتی زندگی اور ساکھ متاثر ہوئی۔
این سی سی آئی اے کے مطابق انکوائری کے دوران شکایت کنندہ اور دیگر متعلقہ افراد کے بیانات ریکارڈ کیے گئے جبکہ موبائل فونز اور ڈیجیٹل شواہد فرانزک جانچ کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ابتدائی تکنیکی شواہد کی بنیاد پر پیکا ایکٹ 2016 (ترمیمی 2025) اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش میرٹ، شواہد اور قانون کے مطابق جاری ہے اور مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں