ضلعی پولیس سربراہ سےجھوٹے روابط کا شوشہ چھوڑ کر امین پچادا کی مزید جعلسازیاں

ضلعی پولیس سربراہ سےجھوٹے روابط کا شوشہ چھوڑ کر امین پچادا کی مزید جعلسازیاں

فراڈ یے کی پولیس آفیسر کی شادی میں بن بلائے شرکت،10 تولے زیورات کا سیٹ گفٹ کرنے کا بے بنیاد دعویٰ

پولیس افسر ازخود دب گئے، کئی ماہ تک ٹاؤٹ کا سکہ تھانوں میں چمکتا رہا، پولیس افسرکوعلم ہونے پرجعلساز کی سرزنش

امین پچادا نے معذور بینک اہلکار سے14 لاکھ کا فراڈ کر کے اس کیخلاف ایف آئی اے میں کارروائی شروع کر ادی

بد نام زمانہ ٹاؤٹ لودھراں میں سود خوری کے سب سے بڑے نیٹ ورک کا سرپرست، بلینک چیکوں پر مقدمات کا ماہر

ملتان(سٹاف رپورٹر) لودھرا ں کے بد نام زمانہ فراڈئیے امین پچادے نے ایک ضلعی پولیس سربراہ کو ان کی شادی کے موقع پر10 تولے زیورات کا سیٹ گفٹ کرنے کے بے بنیاد دعوے کے ذریعے پولیس اہلکارو ں کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ پولیس آفیسر کی شادی کا کارڈ اس نے عملے سے حاصل کر کے اپنا نام لکھوا لیا اور خود ہی شادی میں پہنچ گیا۔ شادی میں شرکت کے موقع پر متعدد پولیس آفیسران نے مذکورہ پولیس آفیسرسے اس جعلساز کے روابط کو ازخود دیکھ لیا اور پھر کئی ماہ تک اس کا سکہ تمام تھانوں میں چمکتا رہا۔ تاہم بعد میں ایک ایس ایچ او نے اس حقیقت سے مذکورہ پولیس آفیسر کو آگاہ کیا کہ امین پچادا نامی ٹائوٹ ان کے نام کو ہر جگہ فروخت کر رہا ہے تو مذکورہ پولیس آفیسر نے اس جعلساز کو بلاکر ڈانٹ پلائی اور حکم دیا کہ فوری طور پر شادی کے موقع کی تصاویر ڈلیٹ کردو۔بتایا گیا ہے کہ امین پچادے نے گزشتہ دنوں ایک معذور بینک اہلکار سے14 لاکھ روپے کا فراڈ کیا اور بعد ازاں اس کے خلاف ایف آئی اے سے کارروائی شروع کر ادی۔ امین پچادے بارے بتایا گیا ہے کہ پولیس کی معاونت سے وہ لودھراں میں سود خوری کے سب سے بڑے نیٹ ورک کی سرپرستی کر رہا ہے اور سود خوروں کی طرف سے دیئے گئے بلینک چیکوں پر مقدمات درج کراتا اور سود خوروں کے ہاتھوں لٹنے والوں کو جیل یاترا کرانے کی ذمہ داری بھی سنبھال رکھی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں