ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے نوجوان لڑکیوں کو شادی سے قبل اپنے کیریئر اور مالی خودمختاری پر توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے ایک بار پھر سماجی موضوع پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔
39 سالہ اداکارہ نے حالیہ دنوں جہیز اور گھریلو ہراسانی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ آج کے معاشرے میں اکثر خواتین کو شادی کے بعد مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بعض اوقات انہیں اپنے اخراجات کے لیے بھی دوسروں پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔
ان کے مطابق ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے خواتین کو پہلے خود کو مضبوط اور خودمختار بنانا چاہیے تاکہ وہ کسی بھی مشکل کا بہتر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔
کنگنا رناوت نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ خواتین کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کو ترجیح دینی چاہیے اور کسی بھی رشتے میں قدم رکھنے سے پہلے یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ وہ مالی طور پر خود کفیل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شادی کا فیصلہ اسی وقت کرنا چاہیے جب ایک عورت اپنی ذمہ داری خود اٹھانے کے قابل ہو اور کسی پر انحصار نہ کرے۔
اداکارہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت میں جہیز اور گھریلو تشدد سے متعلق ایک افسوسناک واقعہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جس کے بعد اس موضوع پر ایک بار پھر بحث شروع ہو گئی ہے۔







