لاہور: محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی کاشت کے حوالے سے اہم پیش رفت حاصل کرتے ہوئے ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن میں مقررہ اہداف کے قریب کامیابی حاصل کر لی ہے۔
سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت کمشنر آفس ملتان میں کپاس کی کاشت اور پیداوار سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جنوبی پنجاب میں جاری کاٹن مہم کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان، ڈپٹی کمشنر ملتان، محکمہ زراعت اور انہار کے افسران، کاشتکاروں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی، جبکہ کمشنر ڈی جی خان چوہدری اشفاق احمد سمیت مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی بہتر پیداوار کسانوں کی معاشی خوشحالی اور ملکی معیشت کے استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ کی کاشت مہم میں کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ فارمیشنز کسانوں کی رہنمائی میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مؤثر انداز میں استعمال کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مارکیٹوں میں کھاد کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے جبکہ زرعی ادویات میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
افتخار علی سہو نے موسمی حالات کے پیش نظر ماہرین کی مشاورت سے نئی کاٹن ایڈوائزری جاری کرنے کی بھی ہدایت دی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن میں 7 لاکھ 75 ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جس میں سے 81 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔
اسی طرح ڈی جی خان ڈویژن میں 4 لاکھ 25 ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر تھا، جہاں 93 فیصد ٹارگٹ مکمل ہونے کی رپورٹ پیش کی گئی۔







