ملتان (سٹاف رپورٹر) زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ ابلاغیات کے چیئرپرسن ڈاکٹر طاہر محمود کے بارے میں مضبوط اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ وہ جلد ملتان بورڈ کے نئے چیئرمین کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طاہر محمود نے اس اہم اور بااثر عہدے کے لیے ہونے والے مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے میرٹ لسٹ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ہےجس کے بعد ان کی تقرری تقریباً یقینی سمجھی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ ملتان بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ کافی عرصے سے خالی چلا آ رہا تھاجس کے باعث تعلیمی و انتظامی معاملات میں مختلف نوعیت کی مشکلات اور تاخیر کا سامنا تھا۔ اس اہم نشست کے لیے نہ صرف ملتان بلکہ پنجاب کے مختلف شہروں سے کئی مضبوط امیدوار متحرک تھے اور پس پردہ بھرپور لابنگ بھی جاری تھی۔ تاہم تمام تر مقابلے اور دباؤ کے باوجود ڈاکٹر طاہر محمود اپنی تعلیمی ساکھ، انتظامی تجربے اور پیشہ ورانہ قابلیت کی بنیاد پر سب پر سبقت لے جانے میں کامیاب رہے۔







