اسلام آباد: نئے وفاقی بجٹ کی تیاری کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا وفد آج پاکستان پہنچے گا اور کل سے باضابطہ بجٹ مذاکرات کا آغاز کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ مالی سال کے بجٹ پر تفصیلی مشاورت ہوگی، جس میں وزارت خزانہ نے اپنی ابتدائی تجاویز اور سفارشات کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نیا بجٹ آئی ایم ایف کی شرائط اور رہنمائی کے مطابق ترتیب دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات تقریباً ایک ہفتے تک جاری رہ سکتے ہیں، جن میں ٹیکس اہداف، ترقیاتی اخراجات، مالی نظم و ضبط اور بجٹ خسارہ کم کرنے کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ نئے مالی سال کے لیے ٹیکس اصلاحات، ریونیو میں اضافہ اور معاشی اہداف کے حصول کے حوالے سے بھی آئی ایم ایف وفد کے ساتھ اہم بات چیت ہوگی۔
حکومتی معاشی ٹیم اور عالمی مالیاتی ادارے کے درمیان یہ مذاکرات آئندہ بجٹ کی سمت اور ملکی معاشی پالیسیوں کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔







