تازہ ترین

ڈیرہ: معصوم بچوں کے خون کا حساب شروع، لٹل سکالرر سانحہ کا مرکزی ملزم گرفتار

ڈیرہ غازیخان (ڈسٹرکٹ رپورٹر، خبر نگار) سانحہ لٹل سکالرز سکول کیس میں بڑی پیش رفت سامنےآئی ہے، کئی روز سے روپوش ملزم شیخ اکرم کو گرفتار کرلیاگیا۔ ملزم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل اپنی لوکیشن تبدیل کر رہا تھا، تاہم پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ ذرائع کی مدد سے اسے ٹریس کرکے گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ڈیرہ غازیخان کی خصوصی ہدایات پر ملزم کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس میں ایس پی انوسٹی گیشن عبدالرحیم لغاری، ڈی ایس پی سٹی محمد فضل، ایس ایچ او سٹی عابد حسین اور ایس ایچ او گدائی ارشد شاہ شامل تھے۔ پولیس ٹیموں نے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور مسلسل نگرانی کے بعد کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شیخ اکرم کو حراست میں لے لیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس سے سانحہ کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق تفتیش میں غفلت، لاپروائی اور ممکنہ سہولت کاری سمیت دیگر عوامل کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعہ کے تمام ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ڈی پی او ڈیرہ غازیخان نے اس موقع پر واضح کیا کہ سانحہ میں ملوث کسی بھی فرد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داران کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی واضح رہے کہ لٹل سکالرز سکول میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے نے پورے ضلع کو سوگوار کر دیا تھا۔ حادثے کے نتیجے میں چار معصوم بچے جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور متاثرہ خاندان انصاف کے منتظر ہیں۔ پولیس کی جانب سے مرکزی ملزم کی گرفتاری کو کیس میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جبکہ مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔جاں بحق ہونے والوں میں عبداللہ ولد رب نواز، معصومہ فاطمہ، غنیہ اور دعا فاطمہ شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں متعدد طالبعلم، اساتذہ اور مزدور شامل ہیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور شہریوں نے سکول انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ داران کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی معصوم جان کا نقصان نہ ہو سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں