ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی یونیورسٹی آف چکوال کے وائس چانسلر مقرر

ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت کے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے یونیورسٹی آف چکوال میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جسے صوبے کے اعلیٰ تعلیمی حلقوں میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ 30 اپریل 2026 کو جاری ہونے والے سرکاری اعلامیے کے مطابق گورنر پنجاب و چانسلر نے سرچ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں پروفیسر ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی کو چار سالہ مدت کے لیے یونیورسٹی آف چکوال کا وائس چانسلر مقرر کر دیا ہے اور یہ تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تقرری یونیورسٹی آف چکوال ایکٹ 2019 کی دفعہ 13(6) اور دفعہ 9(4) کے تحت دیے گئے اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے عمل میں لائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس مقصد کے لیے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے 18 اگست 2025 کو ایک باقاعدہ سرچ کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے امیدواروں کے تفصیلی جائزے کے بعد اپنی سفارشات پیش کیں، جن کی بنیاد پر یہ اہم فیصلہ کیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی اس وقت بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں پروفیسر کے عہدے پر فائز ہونے کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کا شمار ان چند ماہرین میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف تدریس بلکہ تحقیق، انتظامی امور اور ترقیاتی منصوبہ بندی کے شعبوں میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ ان کی تعلیمی قابلیت غیر معمولی ہے، انہوں نے یونیورسٹی آف آکسفورڈ، برطانیہ سے مکینیکل انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی جبکہ یوET لاہور سے ایم ایس سی تھرمل پاور انجینئرنگ اور بی ایس سی مکینیکل انجینئرنگ مکمل کی۔ اپنے تعلیمی کیریئر میں وہ مسلسل نمایاں کارکردگی کے حامل رہے ہیں اور ہر سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ پروفیسر صدیقی کا بین الاقوامی تجربہ بھی خاصا وسیع ہے۔ وہ یونیورسٹی آف آکسفورڈ میں بطور ڈیمانسٹریٹر خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ سنگاپور کے نانیانگ انوائرمنٹل اینڈ واٹر ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں ریسرچ اسسٹنٹ کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔ ان کی تحقیق کا مرکزی محور صاف پانی کی ٹیکنالوجیز، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، میمبرین فلٹریشن اور پائیدار انفراسٹرکچر ہےجو موجودہ عالمی چیلنجز کے تناظر میں انتہائی اہمیت کے حامل شعبے ہیں۔ انتظامی سطح پر بھی ان کی کارکردگی نمایاں رہی ہے۔ بطور ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ انہوں نے اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کی، جبکہ مختلف تعلیمی پروگرامز کے اجرا، نصاب میں اصلاحات، لیبارٹریز کی اپ گریڈیشن اور انجینئرنگ پروگرامز کی ایکریڈیٹیشن میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے منظور شدہ پی ایچ ڈی سپروائزر بھی ہیں اور متعدد جامعات کے سینیٹ و اکیڈمک کونسلز کے رکن رہ چکے ہیں۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں قائداعظم گولڈ میڈل سمیت متعدد قومی و بین الاقوامی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے، جبکہ وہ فل برائٹ سکالر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کے تحقیقی کام کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور ان کے 100 سے زائد تحقیقی مقالے بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں، جنہیں ہزاروں بار حوالہ دیا جا چکا ہے۔ تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی کی بطور وائس چانسلر تقرری یونیورسٹی آف چکوال کے لیے ایک مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب جامعات کو تعلیمی معیار، تحقیق اور گورننس کے شعبوں میں متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان کی تقرری سے توقع کی جا رہی ہے کہ جامعہ چکوال میں نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ تحقیق اور ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں