تازہ ترین

اسلام آباد ہائی کورٹ ججز تبادلوں کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا، اہم درخواست دائر

اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ججز کے تبادلوں کا معاملہ، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا
لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے حامد خان کے ذریعے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے ججز کے تبادلوں کو چیلنج کر دیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ججز کے تبادلے آرٹیکل 2-A کی روح کے خلاف ہیں اور اس عمل میں شفافیت کا شدید فقدان پایا جاتا ہے۔ مزید کہا گیا کہ ججز کی منتقلی کے دوران اس کی وجوہات بھی واضح نہیں کی گئیں۔
درخواست میں وفاقی حکومت اور جوڈیشل کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے، جبکہ اسے آئین کے آرٹیکل 183 کی شق تین کے تحت دائر کیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آرٹیکل 184 کی شق تین کو ختم کرنا غیر آئینی اقدام ہے، جبکہ اسی ترمیم کے ذریعے آرٹیکل 175 کی شق 2 میں کی گئی تبدیلی بھی آئین سے متصادم ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ججز کو مختلف ہائی کورٹس میں منتقل کرنا بھی آئینی دائرہ کار سے باہر ہے۔
درخواست میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے اختیارات کسی وفاقی آئینی عدالت کو منتقل نہیں کیے جا سکتے، جبکہ ججز کے تبادلے 27ویں آئینی ترمیم کے بعد آرٹیکل 200 میں تبدیلی کے تحت کیے گئے ہیں۔
درخواست کے مطابق وفاقی آئینی عدالت، جو 27ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم کی گئی ہے، اس نوعیت کے کیسز کی سماعت کا اختیار نہیں رکھتی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں