ملتان (نمائندہ خصوصی)بدھلہ سنت روڈ پر مبینہ طور پر تیز رفتاری ایک اور جان لے گئی، جہاں 17 سالہ موٹر سائیکل سوار نوجوان حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ریسکیو 1122 کنٹرول روم
کو روڈ ٹریفک حادثے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر ڈسٹرکٹ کنٹرول روم نے فوری طور پر امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا۔ ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے تو معلوم ہوا کہ 17 سالہ جاوید ولد محمد اسلم مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل پر قابو نہ رکھ سکا اور سڑک پر گرنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ریسکیو ٹیم نے نوجوان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اس کے وائٹل سائنز چیک کیے اور سی پی آر بھی کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ حادثے کے وقت سر پر شدید چوٹ لگنے کو موت کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کے لواحقین موقع پر موجود تھے، جنہوں نے کسی قسم کی قانونی کارروائی سے انکار کر دیا، جبکہ واقعہ کی اطلاع پولیس کو بھی دے دی گئی۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ دورانِ سفر تیز رفتاری سے گریز کریں اور اپنی و دوسروں کی جان کے تحفظ کے لیے ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔







