ملتان(وقائع نگار) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیوٹیفکیشن وژن کے تحت ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ محکموں کے افسران اور پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی اور جاری سکیموں کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ بیوٹیفکیشن منصوبے شہری سہولیات میں نمایاں بہتری لائیں گے اور عوام کو بہتر، صاف ستھرا اور منظم شہری ماحول فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور رفتار برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں بیوٹیفکیشن منصوبوں پر مجموعی طور پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری جاری ہے جس کے مثبت اثرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ خانیوال، میاں چنوں اور جہانیاں میں تین بڑے ماڈل بازار منصوبے زیر تکمیل ہیں جن کی مجموعی لاگت 933 ملین روپے ہے۔ جہانیاں میں ماڈل اللہ داد بازار منصوبہ 140 ملین روپے سے جاری ہے جو 50 فیصد مکمل ہوچکا ہے، جبکہ میاں چنوں میں پیڈیسٹرین ماڈل بازار منصوبہ 146 ملین روپے سے جاری ہے اور 20 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ اسی طرح خانیوال میں پیڈیسٹرین ماڈل بازار منصوبہ 647 ملین روپے سے جاری ہے جو 18 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ خانیوال ماڈل بازار میں 299 دکانیں، 742 میٹر طویل منصوبہ اور 200 گاڑیوں کی پارکنگ شامل ہے۔ جہانیاں ماڈل بازار میں 130 دکانیں، 650 فٹ لمبائی اور 50 گاڑیوں کی پارکنگ جبکہ میاں چنوں ماڈل بازار میں 155 دکانیں، 965 فٹ لمبائی اور 100 گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔لودھراں میں مین بازار ریلوے چوک بیوٹیفکیشن منصوبہ 84 ملین روپے سے جاری ہے جو 35 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ منصوبہ 0.21 کلومیٹر طویل ہے جس کی تکمیل کی تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں کے تحت سڑکوں کی بحالی، فٹ پاتھ کی تعمیر، پارکنگ، جدید لائٹنگ اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ملتان شہر میں برانڈ روڈ کی 0.61 کلومیٹر طویل سڑک کی اپ گریڈیشن 360 ملین روپے سے جاری ہے۔ جبکہ گھنٹہ گھر تا حسین آگاہی بازار بیوٹیفکیشن منصوبے کے لیے 658.017 ملین روپے کے فنڈز موصول ہوچکے ہیں۔ اس کے تحت گھنٹہ گھر تا موٹر سائیکل مارکیٹ منصوبہ 131.14 ملین روپے اور گھنٹہ گھر تا مسجد ولی محمد منصوبہ 77.80 ملین روپے سے مکمل کیا جائے گا۔وہاڑی میں ریل بازار اور گول چوک بیوٹیفکیشن منصوبہ 150 ملین روپے سے جاری ہے جو 50 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ منصوبے میں 300 میٹر ریل بازار اور 200 میٹر گول چوک ایریا شامل ہے۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ تمام ادارے باہمی رابطے کو مزید موثر بنائیں تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے اور عوام کو جلد از جلد بہتر سہولیات میسر آئیں۔







