مبینہ کرپشن ریفرنس: وزیراعظم کی بیٹی اور داماد کی گرفتاری 7 مئی تک روک دی گئی

لاہور: مبینہ کرپشن ریفرنس کے کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کو عدالت نے 7 مئی تک گرفتاری سے روک دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اسپیشل سینٹرل کورٹ میں پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی، جس میں وزیراعظم کی صاحبزادی رابعہ عمران اور داماد عمران یوسف نے عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد دونوں کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 7 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
سماعت اسپیشل سینٹرل کورٹ کے جج اشفاق احمد نے کی، جس دوران رابعہ عمران اور عمران یوسف عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کی۔
یاد رہے کہ نیب کی جانب سے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں مبینہ کرپشن کے الزام پر ریفرنس دائر کیا گیا تھا، جس میں دونوں ملزمان کو اشتہاری بھی قرار دیا گیا تھا۔ بعد ازاں نیب ترامیم کے بعد یہ کیس ایف آئی اے عدالت کو منتقل کر دیا گیا۔
ریفرنس میں کمپنی کے سابق سی ایف او اکرام نوید پہلے ہی پلی بارگین کے ذریعے معاملہ حل کر چکے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں