ملتان ( سٹاف رپورٹر) بہاالدین زکریا یونیورسٹی کے شعبۂ فزکس میں ایک پروفیسر کے خلاف طلبہ کی جانب سے مبینہ طور پر امتیازی سلوک، دباؤ اور غیر منصفانہ رویے کی شکایات سامنے آ گئی ہیں۔ متاثرہ طلبہ نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ یہ معاملہ ان کی ڈگری کے آخری سال میں پیش آیاجس سے ان کے تعلیمی مستقبل پر سنگین خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تنازع کی ابتدا اس وقت ہوئی جب طلبہ نے رمضان المبارک میں اپنے اساتذہ کے اعزاز میں ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں مختلف فیکلٹی ممبران کو مدعو کیا گیا۔ تقریب خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوئی، تاہم متعلقہ پروفیسر نے بعد ازاں چند طلبہ کو طلب کر کے اس اقدام کو ’’غیر مناسب‘‘ قرار دیا اور اسے مبینہ طور پر اثر و رسوخ حاصل کرنے کی کوشش سے تعبیر کیا۔ طلبہ کے مطابق معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا بلکہ کچھ عرصہ بعد ایک نجی مقام پر منعقدہ کلاس گیدرنگ پر بھی اعتراض اٹھایا گیا حالانکہ اس کے لیے متعلقہ شعبۂ طلبہ امور سے پیشگی اجازت لی گئی تھی۔ اس کے باوجود پروفیسر کی جانب سے طلبہ کو طلب کر کے انفرادی نوعیت کی پوچھ گچھ اور دباؤ ڈالنے کا سلسلہ جاری رہا۔ مزید برآں مڈ ٹرم امتحانات کے نتائج میں بھی مبینہ طور پر غیر معمولی فرق سامنے آیا، جہاں بعض طلبہ کو انتہائی کم جبکہ دیگر مخصوص طلبہ کو نمایاں طور پر زیادہ نمبر دیے گئے۔ متاثرہ طلبہ کا دعویٰ ہے کہ یہ فرق میرٹ کے برعکس ہے اور اس سے امتیازی سلوک کا تاثر مضبوط ہوتا ہے۔طلبہ نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ انہیں شکایات درج کرانے سے روکنے کے لیے دھمکایا گیا اور تعلیمی نقصان پہنچانے کی باتیں کی گئیں۔ ان کے مطابق، اساتذہ کا بنیادی کردار تدریس ہے، تاہم یہاں تدریسی امور کے بجائے ذاتی نوعیت کی مداخلت اور دباؤ زیادہ محسوس کیا جا رہا ہے۔واقعے کے بعد طلبہ نے جامعہ انتظامیہ کو باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے، جس پر کارروائی کرتے ہوئے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی آئندہ سماعت میں طلبہ کا مؤقف اور شواہد سنے گی، جن میں مبینہ ریکارڈنگز بھی شامل ہونے کا امکان ہے۔ تعلیمی حلقوں نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انکوائری شفاف اور غیر جانبدارانہ ہونی چاہیے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور طلبہ کا اعتماد بحال ہو۔ دوسری جانب جامعہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میرٹ اور انصاف کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی زیادتی ثابت ہونے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
BZU Multan, Bahauddin Zakariya University







