جنوبی پنجاب میں گرمی کی لہر، لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا پارہ بھی ہائی

ملتان،کوٹ ادو،اوچشریف(وقائع نگار،نامہ نگار، جنرل رپورٹر ) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں شدید گرمی کی لہر نے شہریوں کو بری طرح متاثرکر دیا،کوٹ ادو میں درجہ حرارت تقریباً 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث دن کے اوقات میں سڑکیں سنسان اورکاروباری سرگرمیاں متاثر رہیں،شدیدگرمی اورحبس کےباعث شہریوں کو پانی کی کمی،لولگنےدیگر موسمی بیماریوں کا سامنا ہے،ہسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک اور کمزوری کےمریضوں کی آمد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمی کے ساتھ ساتھ لوڈ شیڈنگ نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے جس سے گھروں اور دفاتر میں مشکلات بڑھ گئی ہیں،بازاروں میں دوپہر کےوقت رش انتہائی کم ہوجاتا ہےجبکہ لوگ غیرضروری طورپرگھروں سےنکلنےسےگریز کررہے ہیں، دیہی علاقوں میں زرعی مزدوراورکھیتوں میں کام کرنے والے افراد شدید دھوپ میں کام کرنے پر مجبور ہیں جس سے ان کی صحت متاثر ہو رہی ہے،طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھوپ سے بچاؤ کریں،پانی ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بڑھائیں،احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ہیٹ ویو کے خطرات سے محفوظ رہ سکیں، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شدید گرمی کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے معمولات زندگی کو شدید متاثر کر دیا،نہم جماعت کے طلبہ و طالبات امتحانات کی تیاری نہ ہونے کے باعث شدید پریشانی کا شکار ہیں، رات کے اوقات میں چار چار گھنٹے تک بجلی کی بندش کے باعث طلبہ کی پڑھائی کا سلسلہ بری طرح متاثر ہو رہا ہےاور وہ امتحانات کی مناسب تیاری سے محروم ہو رہے ہیں، مگر متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،شہریوں نے بتایا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کاکوئی شیڈول نہیں جسکی وجہ سےنظام زندگی درہم برہم ہوچکا ہے۔ اوچشریف میں عصر سے لیکر پوری رات گئے تک بجلی بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔سمارٹ لاک ڈاؤن کیوجہ پہلے ہی پریشان کاروباری طبقہ و اوچ شریف کے شہری بچے بزرگ بیمار راتیں جاگ کر گزارنے پہ مجبور ہیں اور اوچ شریف رورل ہیلتھ کمپلیکس مریم نواز ہسپتال اوچ شریف میں لائٹ کا متبادل نظام نا ہونے کیوجہ سے داخل و ایمرجنسی آنے والے مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ شہریوں نے انجمن تاجران کے صدر عمر خورشید سہمن کی قیادت میں شدید احتجاج کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر صورتحال فوری طور پر بہتر نہ بنائی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اورمنگل کے روز الشمس چوک اوچ شریف پر پرامن دھرنا دینگے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں