بچہ بازیابی:’’قوم‘‘کے شکرگزار،پولیس سےمطمئن،اردگردلوگوں پرنظررکھیں:والد

مغوی بچےکونقصان نہ ہواوراسکی زندگی محفوظ رہےاسلئے 20 لاکھ تاوان دیکرعبدالوہاب کو بحفاظت بازیاب کروایا:آصف بھٹی کی ’’قوم‘‘سےگفتگو

4سالہ بچہ گھرسےچیزلینےگیاواپس نہ آیا،6کروڑتاوان طلب،آرپی او،سی پی اوکانوٹس،ممتازآبادپولیس کاکامیاب آپریشن،ٹیم کوانعام،تعریفی سرٹیفکیٹ

ملتان (کرائم رپورٹر)مغوی بچےکونقصان نہ ہواوراسکی زندگی محفوظ رہےاسلئے 20 لاکھ تاوان دیکرعبدالوہاب کو بحفاظت بازیاب کروایا ، تاوان میں دی گئی رقم تاحال برآمد نہ ہوسکی ہے، ملزم گلی سنجرانی کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس سے پولیس تفتیش کررہی ہے، ہم پولیس کی کارروائی اورہرمرحلےپرتعاون سے مطمئن ہیں، روزنامہ”قوم” نے حقیقت پر مبنی خبر شائع کرکے صحافتی ذمہ داری پوری کی ہے، اپنے بچوں کی حفاظت کریں اور اپنے ارد گرد رہنے والےلوگوں پر کڑی نظر رکھیں،ان خیالات کااظہار مغوی بچے عبدالوہاب کے والد ایڈووکیٹ آصف بھٹی نےروزنامہ “قوم” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےکیا، پولیس ترجمان کے مطابق پولیس تھانہ ممتاز آباد نے محلہ حیدر پورہ سے تاوان کی غرض سے اغوا ہونے والے 4 سالہ عبدالوہاب کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔مورخہ 13دسمبرکو عبدالوہاب کے والد محمد آصف ولد کریم بخش سکنہ حیدر پورہ نے پولیس تھانہ ممتاز آباد کو اطلاع دی کہ اسکا 4 سالہ بیٹا عبدالوہاب گھر کے باہر دکان سے کوئی چیز لینے گیا جو واپس نہ آیا اور شبہ ظاہر کیا کہ اس کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے بروقت مقدمہ نمبر 2892/23 مورخہ 13.12.2023 بجرم 363 ت پ تھانہ ممتاز آباد درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا۔ اسی رات بچےکےاہلخانہ کورات 11 بجے کے قریب کال کر کے بچے کی بازیابی کے لیے 06 کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا۔آر پی او ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری اور سی پی او ملتان صادق علی نے وقوعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر کے مغوی کو بحفاطت بازیاب کروانے کا حکم دیا۔ مغوی کی بازیابی کے لیے ایس پی کینٹ ڈویژن رانا ارسلان زاہد کی زیرِ نگرانی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، ایس ڈی پی او ممتاز آباد محمد اقبال لاشاری کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ ممتاز آباد محمد علی رضا، ایس آئی عباد گیلانی، انچارج سی آئی اے کینٹ ڈویژن محمد رمضان گل، انچارج سی آئی اے صدر ڈویژن اے ایس آئی شوکت کمانڈو، اے ایس آئی ساجد بندیشہ، اے ایس آئی محمد عمران، اے ایس آئی محمد ارشد، ماجد فرزند آئی ٹی ٹیم اور اپنی دیگر ٹیموں کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اور تمام ضروری ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مغوی عبدالوہاب کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ 4 سالہ عبدالوہاب کو ڈیرہ غازی خان سے بازیاب کروایا گیا۔ وقوعہ میں ملوث مرکزی ملزم فیاض عرف گلی سنجرانی کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مدعی مقدمہ ایڈووکیٹ ہے اور اس کے علا وہ پراپرٹی کا کام بھی کرتا ہے، آر پی او ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری اور سٹی پولیس آفیسر ملتان نے 4 سالہ عبدالوہاب کی بحفاظت بازیابی پر کارروائی میں شامل تمام پولیس افسران کی کارکردگی کو سراہا، شاباش دی اور ان کو نقد انعام و تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔بچے عبدالوہاب کے بازیاب ہونے پر لواحقین کی طرف سے انتہائی خوشی کا اظہار کیا گیا ہے اور پولیس کی بڑی کاوش کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں