سابق ناظم رائو مظہر السلام کے بیٹے نے 6 نمبر چونگی بوسن روڈپر واقع محمود فارمیسی سے ملیریا کی دوا ئی منگوائی جو زائد المیعاد نکلی،کھاتے ہی مریض کی حالت غیر
شکایت پر ڈرگ انسپکٹر عثمان غنی کی متاثرین سے ٹال مٹول،فارمیسی مالکان سے ڈیل
مبینہ طور پر 3 لاکھ روپے لیکر محمود فارمیسی جا کر تمام ادویات شیلف سے ہٹوا دی گئیں
عثمان غنی کی ایک سابق ایم این اے کو 13 لاکھ ایڈوانس، ایک لاکھ مہینہ دیکر تعیناتی کا انکشاف
ملتان ( سٹاف رپورٹر ) سابق رکن قومی اسمبلی احمدحسین ڈیہڑ کے بھتیجے اذان ڈیہڑ کی فرنچائز پر لی گئی محمود فارمیسی کی دوسری برانچ میں بھی غیر معیاری اور ایکسپائری ادویات کی فروخت پکڑی گئی مگر ایک سابق رکن قومی اسمبلی کو مبینہ طور پر 13 لاکھ روپے دے کر پوسٹنگ کرانے والے ڈرگ انسپکٹر عثمان غنی سے 3 لاکھ لے کر معاملہ رفع دفع کر دیا۔ یاد رہے کہ ڈرگ انسپکٹر عثمان غنی نے مبینہ طور پر 13 لاکھ ایڈوانس اور ایک لاکھ روپیہ مہینے پر ایک سابق ایم این اے کے ذریعے اپنی تعیناتی کرائی اور چارج لیتے ہی لوٹ مار کی انتہا کر رکھی ہے۔ یہاں یہ امر بھی توجہ طلب ہے کہ محمود فارمیسی ملتان کینٹ برانچ سے ممنوعہ بھارتی ادویات کی بڑی کھیپ پکڑی گئی تھی جس پر رئوف ظفر نامی ڈرگ انسپکٹر نے چالان بنا کر ڈپٹی کمشنر کو پیش کیا تو اس فارمیسی کے مالک اذان ڈیہڑ نے سابق ڈپٹی کمشنر ملتان سے بدتمیزی کی انتہا کر دی تھی۔ اس دوسرے واقعے میں سابق ناظم رائو مظہر السلام کے بیٹے نے 6 نمبر چونگی بوسن روڈ پر واقع محمود فارمیسی سے ملیریا کی Time Quin نامی دوا ئی منگوائی جو زائد المیعاد نکلی جس کے کھاتے ہی مریض کی حالت غیر ہو گئی جس پر گولیوں کے پتے کا جائزہ لیا گیا تو تمام گولیاں زائد المیعاد تھیں جس پر ڈرگ انسپکٹر عثمان غنی کو شکایت کی گئی تو ڈرگ انسپکٹر نے کہا کہ آج اتوار ہے آپ سوموار کو آئیں اور پھر اتوار ہی کو محمود فارمیسی جا کر تمام ادویات شیلف سے اپنی موجودگی میں ہٹوا دی گئیں اور مبینہ طور پر اس ڈیل پر 3 لاکھ وصول کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ ڈرگ انسپکٹر عثمان غنی جب سے سابق ایم این اے سے ڈیل کر کے تعینات ہوئے ہیں انہوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ یہاں یہ امر توجہ طلب ہے کہ عثمان غنی کو تعینات کرانے والے سابق ایم این اے احمدحسین ڈیہڑ نہیں ہیں‘ مبادہ کہ کوئی بات اس کی طرف لے جائے۔







