ٹاپ 400 جامعات سے پاکستان آؤٹ، ٹوٹل 262 میں سے صرف 48 رینکنگ کی دوڑ میں شامل

ملتان (سٹاف رپورٹر) برطانوی ادارے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری ہونے والی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026 میں افسوسناک طور پر پورے پاکستان کی کوئی بھی یونیورسٹی پہلی 400 یونیورسٹیوں میں کوئی مقام حاصل نہ کر سکی۔دنیاکی پہلی 500 یونیورسٹیوں میں اسلام آباد کی قائد اعظم یونیورسٹی نے اپنا مقام حاصل کیا۔ 601 سے 800 کے درمیان پاکستان کی 7 سرکاری اور 1 نجی یونیورسٹی نے اپنا مقام حاصل کیا ۔ 601 سے 800 کے درمیان آنے والی یونیورسٹیوں میں ایئر یونیورسٹی اسلام آباد، بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد ، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد، آئی بی اے سکھر، یونیورسٹی آف لاہور، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور شامل ہیں۔ 801 سے 1000 کے درمیان پاکستان کی 15 یونیورسٹیاں شامل ہیں جن میں عبد الولی خان یونیورسٹی مردان، کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد، غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ ٹوپی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور ، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، اقرا یونیورسٹی ، خواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یار خان ، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز لاہور، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا، یونیورسٹی آف گجرات، یونیورسٹی آف مالاکنڈ، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور، پنجاب یونیورسٹی لاہور ہیں۔ 1001 سے 1200 کے درمیان پاکستان کی 10 یونیورسٹیاں شامل ہیں جن میں بحریہ یونیورسٹی، ہزارہ یونیورسٹی، انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی، ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی، رفاہ یونیورسٹی ، ہری پور یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور، یونیورسٹی آف اوکاڑہ، یونیورسٹی آف پشاور شامل ہیں۔ 1201 سے 1500 میں پاکستان کی 8 یونیورسٹیاں شامل ہیں جن میں کوہاٹ یونیورسٹی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی ، محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان ، نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد ، فاسٹ یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور، یونیورسٹی آف سرگودھا شامل ہیں۔ 1500 سے نیچے رینکنگ میں آنے والی یونیورسٹیوں میں 6 یونیورسٹیاں جن میں بلوچستان BUITEMS, DOW یونیورسٹی کراچی، میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز ، این ای ڈی یونیورسٹی کراچی اور یونیورسٹی آف کراچی شامل ہیں۔ ان یونیورسٹیوں کے علاوہ پاکستان کی ٹوٹل 262 یونیورسٹیوں میں سے 48 یونیورسٹیوں کے علاوہ کوئی بھی یونیورسٹی ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں کوئی مقام حاصل نہ کر سکی۔

تدریس : کیو یو آئی پہلے، پنجاب دوسرے، ایر ڈایگریکلچر پنڈی تیسرے نمبر پر

ملتان (سٹاف رپورٹر) برطانوی ادارے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری ہونے والی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026 میں ٹائمز ہائر ایجوکیشن کے بنائے گئے مختلف معیار میں حاصل شدہ پوائنٹس کے حوالے سے پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں نے تدریس میںٹاپ 500 میں آنے والی قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد نے 28.8 جبکہ 801 سے 1000 میں آنے والی پنجاب یونیورسٹی لاہور نے تدریس میں دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے 28.4 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی نے تدریس میں 28.1 پوائنٹس حاصل کیے۔ اس کے بعد یونیورسٹی آف مالاکنڈ نے 25.6،ڈاؤ یونیورسٹی کراچی نے تدریس میں 24.5 پوائنٹس، یونیورسٹی آف پشاور نے 24.0 ،اس کے بعد لمز یونیورسٹی لاہور اور بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے 23.7 پوائنٹس حاصل کیے۔ تحقیقی ماحول میں 48 پاکستانی یونیورسٹیوں میں آئی بی اے سکھر نے زیادہ سے زیادہ 26.7 پوائنٹس حاصل کیے ۔اس کے بعد قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد نے 24.5،نسٹ یونیورسٹی اسلام آباد نے 23.8 ،لمز یونیورسٹی لاہور نے 20.2،کیپیٹل یونیورسٹی اسلام آباد نے 20.1،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے 19.3 جبکہ بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے 18.1 پوائنٹس حاصل کیے۔ اس کے بعد تحقیقی معیار کے حوالے سے 48 پاکستانی یونیورسٹیوں میں کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد 86.2 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست رہی۔ دوسرے نمبر پر قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد نے 84.7 پوائنٹس حاصل کیے۔ اس کے بعد ایئر یونیورسٹی اسلام آباد نے 83.7اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور نے 83.5 پوائنٹس حاصل کیے۔ انڈسٹریز کے ساتھ الحاق اور اشتراک میں سوائے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 64.6 پوائنٹس کے علاوہ کوئی بھی یونیورسٹی 50 پوائنٹس سے زیادہ سکور حاصل نہ کر سکی۔ دوسرے نمبر پر پاکستانی یونیورسٹیوں میں لمز یونیورسٹی لاہور نے 46.1 پوائنٹس، کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد نے 43.5 پوائنٹس، یونیورسٹی آف مالاکنڈ نے 42.6 پوائنٹس، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز نے 41.6 پوائنٹس اور قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد نے 40.6 پوائنٹس حاصل کیے۔

آکسفورڈ پہلے، ایم آئی ٹی دوسرے، پرنسٹن اور کیمبرج دنیا میں تیسرے نمبر پر

ملتان (سٹاف رپورٹر) 9 اکتوبر 2025 کو برطانوی ادارے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری ہونے والی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026 میں آکسفورڈ پہلے،
ایم آئی ٹی امریکا دوسرے جبکہ پرنسٹن یونیورسٹی امریکا اور یونیورسٹی آف کیمبرج انگلینڈ تیسرے نمبر پر آئیں۔ پہلے نمبر پر آنے والی آکسفورڈ یونیورسٹی نے ٹیچنگ میں 97.2،تحقیقی ماحول میں 100،تحقیقی معیار میں 97.7 جبکہ صنعتوں کے ساتھ اشتراک میں 99.9 پوائنٹس حاصل کیے۔ ٹیچنگ، تحقیقی معیار اور صنعتوں کے ساتھ اشتراک میں ایم آئی ٹی نے پہلا نمبر حاصل کیا اور بالترتیب 99.2، 99.6 اور 100 پوائنٹس حاصل کیے۔ تحقیقی ماحول فراہم کرنے میں آکسفورڈ سے کم پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے 95.3 پوائنٹس حاصل کیے۔ اسی طرح تیسرے نمبر پر آنے والی 2 یونیورسٹیوں میں پرنسٹن یونیورسٹی امریکا نے ٹیچنگ میں 98.2،تحقیقی ماحول میں 97.3،تحقیقی معیار میں 99.0 جبکہ صنعتوں کے ساتھ اشتراک میں 98 پوائنٹس حاصل کیے۔ تیسرے نمبر پر آنے والی ایک اور یونیورسٹی کیمبرج یونیورسٹی انگلینڈ نے ٹیچنگ میں 96.2 ،تحقیقی ماحول میں 99.9،تحقیقی معیار میں 99.0 جبکہ صنعتوں کے ساتھ اشتراک میں پہلے 3 یونیورسٹیوں کے مقابلے میں کم پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے 87.6 پوائنٹس حاصل کیے۔

کتنے پوائنٹس پرکتنی رینکنگ، برطانوی ادارے ٹائمز ہائرایجوکیشن کا طریقہ کار

ملتان (سٹاف رپورٹر) 9 اکتوبر 2025 کو برطانوی ادارے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری ہونے والی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026 میں ٹوٹل 46.2 سے 49.8 کے درمیان پوائنٹس حاصل کرنے والی یونیورسٹیاں 401 سے 500 کے درمیان رینکنگ میں آتی ہیں۔ 39.0 سے 43.5 پوائنٹس حاصل کرنے والی یونیورسٹیاں 601 سے 800 کے درمیان رینکنگ میں آتی ہیں۔ 35.5 سے 38.9 پوائنٹس حاصل کرنے والی یونیورسٹیاں 801 سے 1000 کے درمیان رینکنگ میں آتی ہیں۔ 32.1 سے 35.4 پوائنٹس حاصل کرنے والی یونیورسٹیاں 1001 سے 1200 کے درمیان رینکنگ میں آتی ہیں۔ 27.3 سے 32.0 پوائنٹس حاصل کرنے والی یونیورسٹیاں 1201 سے 1500 کے درمیان رینکنگ میں آتی ہیں۔10.3 سے 27.2 پوائنٹس حاصل کرنے والی یونیورسٹیاں 1500 سے نیچے رینکنگ میں آتی ہیں۔

ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ ، 2191 جامعات کا جائزہ، نمائندگی میں امریکا پہلے، بھارت دوسرے نمبر پر

ملتان (سٹاف رپورٹر) برطانوی ادارے ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے 9 اکتوبر 2025 کو ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026 جاری کی، جس میں دنیا بھر کی 2191 جامعات کا جائزہ لیا گیا۔ اس مرتبہ بھی یونیورسٹی آف آکسفورڈ نے عالمی سطح پر بہترین یونیورسٹی کا اعزاز حاصل کیا اور اس مقام پر مسلسل دسویں بار برقرار رہی۔ اس بار درجہ بندی میں شامل جامعات کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچی اور مجموعی طور پر 2191 ادارے شامل کیے گئے۔ ممالک کی نمائندگی کے لحاظ سے امریکاسب سے زیادہ جامعات کے ساتھ اول اور بھارت دوسری پوزیشن پر آیا ہے۔ ایشیا کے ممالک میں چین نے شاندار کارکردگی دکھائی اور ٹاپ 10 میں پانچ جامعات شامل کیں۔ اگر پاکستان کی صورتِ حال دیکھیں تو بدقسمتی سے کوئی پاکستانی یونیورسٹی ٹاپ 400 میں نہیں آ سکی۔ قائد اعظم یونیورسٹی (QAU) کو 401سے500میں شامل کیا گیا، جبکہ دیگر ادارے جیسے COMSATS، NUST، UMT وغیرہ 601سے800اور 1001سے1200کی رینجز میں آئیں۔ یہ رینکنگ عالمی یونیورسٹیوں میں مقابلہ، تحقیق اور تعلیمی معیار پر توجہ اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو مکمل طور پر اجاگر کرتی ہے۔ پاکستان کی جامعات کے لیے یہ چیلنج ہے کہ وہ علمی تحقیق، بین الاقوامی اشتراک اور معیارِ تدریس کو مزید بہتر کریں تاکہ آئندہ برسوں میں عالمی درجہ بندی میں مقام حاصل کرسکیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں