پشاور ہائیکورٹ نے اعظم سواتی کی بیرون ملک سفر پابندی کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا

پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی بیرون ملک سفر پر عائد پابندی کے خلاف دائر توہینِ عدالت درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کی سربراہی میں سماعت ہوئی، جہاں درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود 13 اگست کو اعظم سواتی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔ وکیل کے مطابق اسی روز درخواست گزار کے خلاف دو نئی ایف آئی آرز بھی سامنے آئیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر کوئی سیاسی رہنما ملک سے باہر بھی چلا جائے تو کیا ریاست اتنی کمزور ہے کہ اسے واپس نہ لاسکے؟ یہ سیاسی شخصیات ہیں، کہیں فرار نہیں ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نہ گرفتار کرتی ہے، نہ چھوڑتی ہے، اور جب جانے لگتے ہیں تو روک دیا جاتا ہے۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ کوہستان اسکینڈل کے باعث ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا، تاہم عدالتی حکم ملنے کے بعد اسے فہرست سے نکال دیا گیا۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں