سینیٹر فیصل جاوید کا پی ٹی آئی سوشل میڈیا رضاکاروں کو سول ایوارڈز دینے کا مطالبہ

اسلام آباد: سینیٹر فیصل جاوید نے سینیٹ اجلاس میں پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا رضاکاروں کو سول ایوارڈز دینے کا مطالبہ کیا۔
اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹائیگرز نے “معرکہ حق” کے دوران بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو رات بھر جاگ کر بے نقاب کیا، مگر انہیں نظرانداز کر کے ایوارڈز کی قدر گھٹا دی گئی۔
ایوارڈز کی تقسیم پر اپوزیشن نے بھی احتجاج کیا اور سوال اٹھایا کہ یہ اعزازات کس معیار پر دیے گئے۔ سینیٹر فلک ناز چترالی نے طنزیہ سوال کیا کہ عطا تارڑ نے کون سی جنگ لڑی، جبکہ ہمایوں مہمند نے کہا کہ جنگ کا منصوبہ تیار کرنے والے نواز شریف کو ایوارڈ نہیں دیا گیا۔
وزیر قانون نے وضاحت دی کہ “معرکہ حق” کے شہداء، غازیوں، متاثرہ خاندانوں اور ان سینیٹرز کو اعزازات دیے گئے جنہوں نے بیرون ملک سفارتی محاذ پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں وسیع القلبی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
اعظم نذیر تارڑ نے اعتراف کیا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا رضاکاروں نے بھی “معرکہ حق” میں بھرپور کردار ادا کیا، جس پر وہ شکریہ ادا کرتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں