مس انفارمیشن کے تدارک کیلئے حکومت کی قومی اسمبلی میں مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے قومی اسمبلی میں مس انفارمیشن کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے اس کے حل کے لیے مشترکہ کمیٹی بنانے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے “آپریشن بنیان مرصوص” میں پارلیمان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام نے دشمن کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان کی پارلیمان اپنی مسلح افواج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا سچائی سے گریز کرتا ہے جبکہ فیک نیوز اور مس انفارمیشن عالمی سطح پر ایک بڑا چیلنج ہیں۔
وزارت اطلاعات کے ذیلی اداروں — پی ٹی وی، پی بی سی، اے پی پی اور پی آئی ڈی — میں ڈس انفارمیشن کا مقابلہ کرنے کے لیے پہلے سے میکنزم موجود ہے۔
وزارت دفاع کی رپورٹ کے مطابق فضائی حدود کی بندش سے یومیہ 100 سے 150 بھارتی طیارے متاثر ہوئے، جس سے فضائی ٹریفک میں تقریباً 20 فیصد کمی آئی۔ اس اقدام سے پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کو 24 اپریل سے 30 جون 2025 تک اوور فلائنگ آمدنی میں 4.1 ارب روپے کا نقصان ہوا، جبکہ 2019 میں بھی ایسی ہی بندش سے 7.6 ارب روپے کا خسارہ ریکارڈ ہوا۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ معاشی نقصان کے باوجود قومی خود مختاری اور دفاع کو ہمیشہ ترجیح دی جائے گی۔
قومی اسمبلی کو مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد کے چار ہوٹل — میریٹ، سرینا، بیسٹ ویسٹرن اور موو اینڈ پک — کو شراب فروخت کرنے کے لائسنس جاری ہیں۔
انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کی 263 یونیورسٹیوں میں 269 آپریشنز کرتے ہوئے 1427 کلوگرام منشیات ضبط کیں اور 426 ملزمان کو گرفتار کیا۔ نادرا میں قومی شناختی کارڈ کے اجرا سے متعلق 19 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے جن میں تاخیر، کرپشن اور غیر ضروری اعتراضات شامل تھے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں