آج کی تاریخ

پی ٹی آئی کا سمبڑیال ضمنی انتخاب کے نتائج مسترد، دھاندلی کے الزامات عائد

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے مسلم لیگ (ن) پر پنجاب اسمبلی کے حلقہ سمبڑیال میں ضمنی انتخاب کے دوران منظم دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے نتائج کو مسترد کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے، شیخ وقاص اکرم نے عالیہ حمزہ اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کہا کہ سمبڑیال میں جو کچھ ہوا، وہ انتخاب نہیں بلکہ ایک “منصوبہ بند دھاندلی” تھی۔ ان کے مطابق پولنگ اسٹیشنز پر بدمعاشی، پولیس کی مداخلت اور انتخابی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز سے نکالا گیا، ووٹرز کو ڈرایا دھمکایا گیا، اور بیلٹ باکس پہلے سے بھرے ہوئے لائے گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گنتی کا عمل شفاف انداز میں مکمل نہیں کیا گیا اور فارم 45 پر پولنگ ایجنٹس کے دستخط نہیں لیے گئے۔
شیخ وقاص نے دعویٰ کیا کہ ن لیگی کیمپس خالی تھے اور ووٹر ٹرن آؤٹ بہت کم رہا، اس کے باوجود نتائج ن لیگ کے حق میں کیسے گئے؟ یہ خود اس بات کا ثبوت ہے کہ انتخابی عمل شفاف نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اس جعلی الیکشن کے خلاف بھرپور احتجاج جاری رکھے گی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس تمام ثبوت موجود ہیں جو دھاندلی کو ظاہر کرتے ہیں، اور ہم جلد یہ شواہد قوم کے سامنے پیش کریں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں