وزیراعظم شہباز شریف کا اعلان: سندھ طاس معاہدے کے تحت ہر قطرہ ہمارا حق ہے، پانی ذخیرہ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے
پشاور میں ایک اہم جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کو اپنے حصے کے پانی پر مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بھارت کی پانی روکنے کی دھمکیوں کا جواب اب عملی اقدامات کے ذریعے دیا جائے گا اور ملک بھر میں پانی ذخیرہ کرنے کے نئے منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے دلیر عوام ہمیشہ ملک کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے کے لوگوں نے 1947 کے ریفرنڈم میں پاکستان کے حق میں ووٹ دے کر اپنے جذبہ حب الوطنی کا ثبوت دیا۔ خیبرپختونخوا کے عوام نے ہر موقع پر قربانیاں دے کر پاکستان کا پرچم بلند رکھا، خصوصاً سانحہ اے پی ایس کے بعد ان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔
شہباز شریف نے قبائلی عمائدین کی تجاویز کو سنجیدگی سے لینے کا وعدہ کیا اور اعلان کیا کہ این ایف سی ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کے حصے پر نظرثانی کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف حکومتوں کے دوران خیبرپختونخوا کو 700 ارب روپے سے زائد فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے نئی فورس تیار کی جائے گی اور جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا، فنڈز فراہم کیے جاتے رہیں گے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ 2010 میں این ایف سی ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کو انسداد دہشت گردی کے لیے ایک فیصد حصہ دینے پر تمام صوبوں کا اتفاق تھا۔
بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا اور بھارت کو پاکستان کی جوابی کارروائی کبھی نہیں بھولے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کو عبرتناک شکست دی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج بھی جب ملک پکارے، ہمارے جوان اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر سرحدوں پر پہنچ جاتے ہیں۔
شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ پاکستان جلد معاشی میدان میں بھی ایک عظیم قوم کے طور پر ابھرے گا، اور بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی پر دوست ممالک بھی خوشی منا رہے ہیں۔
