بھارتی اداکارہ اور رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے ملک کی جین زی (Gen Z) نسل پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں “گٹر جنریشن” قرار دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں طلبہ تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) نے پیپر لیک کے معاملے پر احتجاج کیا، جس کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی دیکھنے میں آئی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا، جبکہ مسلسل احتجاج کے بعد بھارتی وزیر تعلیم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کنگنا رناوت نے انسٹاگرام اسٹوری میں مظاہروں کے دوران استعمال ہونے والی زبان، پلے کارڈز اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے لکھا کہ اپنی زندگی میں انہوں نے ایک ہی جگہ اتنی بدذوقی اور غیر مہذب رویہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ کنگنا کے مطابق جین زی کے احتجاجی مناظر دیکھ کر انہیں شدید ناگواری محسوس ہوئی، جبکہ مظاہرین کے گفتگو کے انداز اور زبان کو انہوں نے انتہائی غیر مناسب قرار دیا۔
کنگنا کا کہنا تھا کہ ایسی ویڈیوز بیک وقت انتہائی بھونڈی اور پریشان کن محسوس ہوتی ہیں، جنہیں دیکھنا بھی ناگوار گزرتا ہے۔







