اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب اور کنٹونمنٹ علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کے لیے فوری طور پر انتخابی شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پنجاب اور کنٹونمنٹ علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں انتخابی عمل سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ پنجاب حکومت دسمبر میں شدید دھند اور سخت سردی کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات اپریل میں کروانے کی خواہش مند ہے۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کے مؤقف کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس سے قبل 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان بلدیاتی انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کر چکی تھی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اب پنجاب حکومت پہلے سے تجویز کردہ انتخابی تاریخوں میں تبدیلی کی خواہش مند ہے، تاہم کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔







