تازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف کی پرنس رحیم آغا خان سے ملاقات، مشترکہ ترقیاتی اہداف کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان دیرینہ شراکت داری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور رواں سال کے آغاز میں ان کے دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی ملاقات کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔
شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ اور مثبت تعلقات برقرار رکھنے اور امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کو سراہا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بالخصوص اسماعیلی برادری کی طویل عرصے سے جاری خدمات کی تعریف کی اور معاشرے کی خدمت اور شہری شمولیت کی قابلِ قدر روایت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے اے کے ڈی این سے منسلک اداروں کی جانب سے مالیاتی شمولیت اور سیاحت کے فروغ کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے ان شعبوں میں مزید تعاون کے موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
دوسری جانب پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم شہباز شریف کے پرتپاک خیرمقدم پر شکریہ ادا کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔
پرنس رحیم آغا خان نے پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان طویل مدتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان کو پاکستان کے باقاعدہ دورے جاری رکھنے کی دعوت دی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں