تازہ ترین

اس بار فیصلہ کن معرکہ ہوگا، پی ٹی آئی دوبارہ اسلام آباد کا رخ نہیں کر سکے گی: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کو سومنات کے مندر سے تشبیہ دے رہی ہے، تاہم ان کے بقول اسلام آباد کی جانب پی ٹی آئی کی یہ آخری کوشش ہوگی اور اس کے بعد وہ دوبارہ اس طرح وفاقی دارالحکومت کا رخ نہیں کر سکے گی۔
پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ وفاقی وزرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو کسی صورت اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے احتجاج روکنے کی کوشش کی تو نوجوان بھرپور مزاحمت کریں گے۔ اس سے قبل پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اور صدر تحریک انصاف خیبر پختونخوا جنید اکبر نے بھی کہا تھا کہ احتجاج کو دبانے کی کوشش کی گئی تو اس بار خاموش نہیں بیٹھیں گے اور اسلام آباد کو سومنات بنانے کی بات کی تھی۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کے وفد کے ہمراہ موجود وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد کو سومنات سے تشبیہ دے رہی ہے، سوال یہ ہے کہ کیا ان کے عزائم بھی اسی نوعیت کے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد ایک بڑی اسلامی اور ایٹمی ریاست کا دارالحکومت ہے اور اگر اللہ نے چاہا تو یہ پی ٹی آئی کی آخری کوشش ہوگی، جس کے بعد وہ دوبارہ اس طرف رخ نہیں کر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب فیصلہ کن معرکہ ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ اسلام آباد ہی نہ آئیں، اور یہ بھی ایک فیصلہ کن بات ہوگی۔ ان کے مطابق وفاق یا پاکستان اب اس نوعیت کی صورتحال کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنما فوزیہ قصوری نے کہا کہ جو شخص احتجاج کے نام پر اسلام آباد پر حملے کی بات کرے، وہ پاکستان کا دوست نہیں ہوسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کو گاڑی میں بٹھا کر افغانستان کی سرحد کے پار بھیج دینا چاہیے۔
فوزیہ قصوری نے مزید کہا کہ مختلف نظریات کی بنیاد پر ریاست اور افواج کے خلاف پروپیگنڈا شروع نہیں کیا جاسکتا۔ ان کے مطابق اگر احتجاج کرنا ہے تو کریں اور اپنی پالیسی پیش کریں، خیبر پختونخوا میں ان کی حکومت ہے، وہاں پالیسی لا کر دکھائی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں