نئے صوبوں کا فیصلہ اسمبلیوں کا اختیار ہے، آئی ایس پی آر کا نہیں، سعید غنی

کراچی: سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ فیصلہ آئی ایس پی آر کا نہیں بلکہ متعلقہ اسمبلیوں کا آئینی اختیار ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں طویل عرصے بعد یکجہتی کی فضا قائم ہوئی ہے، تاہم بعض ٹی وی پروگرامز میں غیر سنجیدہ اور اشتعال انگیز گفتگو کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کے درمیان ایک خاص تاریخی اور جذباتی تعلق ہے جسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔
سعید غنی نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کسی صورت نیا صوبہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو نفرت اور تقسیم کی طرف دھکیلنے سے گریز کرنا چاہیے، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں نئے صوبوں کے حوالے سے صورتحال سندھ سے مختلف ہے۔
صوبائی وزیر نے ایم کیو ایم پاکستان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سندھ میں نئے صوبوں کے مطالبے کے حوالے سے ایم کیو ایم کی سرگرمیاں قابلِ غور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے چند افراد سندھ میں نفرت کی فضا پیدا کرنے کے بجائے سیاسی معاملات کو سنجیدگی سے لیں۔
سعید غنی نے کہا کہ صوبوں کے قیام جیسے اہم معاملات کو سیاسی اور آئینی طریقہ کار کے مطابق حل کیا جانا چاہیے اور اس حوالے سے فیصلہ منتخب اسمبلیوں نے کرنا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں