ایران کا امریکی فوجیوں کو گرفتار یا ہلاک کرنے پر 30 ہزار ڈالر انعام کا اعلان

تہران: ایران نے امریکی فوجیوں کو گرفتار یا ہلاک کرکے ایرانی حکام کے حوالے کرنے والے افراد کے لیے 30 ہزار ڈالر انعام مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی فوج کے سربراہ امیر حاتمی کے مطابق اگر کوئی خاتون امریکی فوجی کو گرفتار یا ہلاک کرکے حکام کے حوالے کرتی ہے تو اسے اعلان کردہ انعام کی دگنی رقم دی جائے گی۔
دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق امیر حاتمی نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگوں کی جانب سے درخواستیں موصول ہونے کے بعد یہ منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے۔
ایرانی آرمی چیف کے مطابق امریکی فوجی کو گرفتار یا ہلاک کرکے ایرانی حکام کے حوالے کرنے والے شخص کو 30 ہزار ڈالر یا 5 ارب ایرانی تومان بطور انعام دیے جائیں گے۔
امیر حاتمی نے ایک مرتبہ پھر امریکا سے مشرق وسطیٰ سے اپنی فوج واپس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج کو خلیج فارس، خلیج عمان یا آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایران میں امریکی زمینی فوج کی کسی باقاعدہ تعیناتی کی اطلاع نہیں ہے۔ تاہم اپریل میں ایک امریکی طیارہ گرنے کے واقعے کے بعد امدادی کارروائیوں کے لیے امریکی اہلکاروں کے ایران میں داخل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں