ملتان: افغانیوں کے برتھ سرٹیفکیٹ بنانے میں ملوث یو سی سیکرٹری کاغذوں میں معطل، ڈیوٹی جاری

ملتان (وقائع نگار) ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے احکامات افغانیوں کوپاکستانی برتھ سرٹیفکیٹ بنا کردینے میں ملوث معطل سیکرٹری نے ہوا میں اڑا دیئے ۔یونین کونسل 26 میں معطل سیکرٹری کی غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں یونین کونسل 26 میں ایک تشویشناک صورتحال سامنے آئی ہے جہاں سیکرٹری جیمز مسیح معطلی کے باوجود اپنے عہدے پر برقرار ہیں اور سرکاری امور سرانجام دے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق سیف الرحمٰن بلوانی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کی جانب سے واضح احکامات جاری کیے گئے تھے جن کے تحت جیمز مسیح کو معطل کر دیا گیا تھا۔ تاہم ان احکامات کے باوجود وہ نہ صرف دفتر میں موجود ہے بلکہ شہریوں سے ہزاروں روپے وصول کر کے برتھ، ڈیتھ اور میرج سرٹیفکیٹس بھی جاری کر ر ہاہے۔رپورٹس کے مطابق فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے بھی جیمز مسیح کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ الزام ہے کہ وہ غیر ملکی افرادخصوصاً افغانی شہریوںکو غیر قانونی طور پر برتھ سرٹیفکیٹس جاری کرنے میں ملوث رہاہے جو کہ ایک سنگین نوعیت کا معاملہ ہے۔شہریوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک معطل سرکاری افسر کا اس طرح کھلے عام کام جاری رکھنا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ حکومتی رٹ پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس عمل سے نہ صرف بدعنوانی کو فروغ مل رہا ہے بلکہ شہریوں کا سرکاری اداروں پر اعتماد بھی مجروح ہو رہا ہے۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیا جائے، معطلی کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، اور مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں