میڈرڈ: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹائن کو اضافی وقت میں 1-0 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والی اسپین کی قومی فٹبال ٹیم آج اپنے وطن پہنچ رہی ہے، جہاں ان کے شاندار استقبال کے لیے ملک بھر میں جشن کا ماحول ہے۔
فائنل کے 106ویں منٹ میں فیران ٹوریس کے فیصلہ کن گول نے اسپین کو یادگار فتح دلائی، جس کے بعد میڈرڈ سمیت مختلف شہروں میں جشن منایا گیا اور قومی پرچموں سے سڑکیں سجادی گئیں۔ ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں فٹبال شائقین اپنے ہیروز کے استقبال کے لیے بے تاب ہیں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق قومی ٹیم پیر کی دوپہر میڈرڈ کے ایڈولفو سواریز باراخاس ایئرپورٹ پر پہنچے گی، جہاں ابتدائی استقبالیہ تقریب منعقد ہوگی۔
بعد ازاں کھلاڑی، کوچنگ اسٹاف اور اسپینش فٹبال فیڈریشن کے حکام شاہی محل زارزویلا جائیں گے، جہاں بادشاہ فلپ ششم اور شاہی خاندان کی جانب سے عالمی چیمپئنز کے اعزاز میں خصوصی ملاقات اور مبارکباد دی جائے گی۔
اس کے بعد ٹیم وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز کی دعوت پر مونکلوآ پیلس کا رخ کرے گی، جہاں حکومت کی جانب سے فاتح ٹیم کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
سرکاری تقریبات مکمل ہونے کے بعد عالمی چیمپئن ٹیم اوپن ٹاپ بس میں ورلڈ کپ ٹرافی کے ہمراہ میڈرڈ کی اہم شاہراہوں پر فتح کا جلوس نکالے گی۔ جلوس شہر کے مختلف مرکزی مقامات سے گزرتا ہوا پلازا ڈی سیبیلس پہنچے گا، جہاں شاندار عوامی تقریب میں کھلاڑی لاکھوں مداحوں کے سامنے ورلڈ کپ ٹرافی بلند کرکے کامیابی کا جشن منائیں گے۔
حکام کے مطابق یہ تقریب اسپین کی فٹبال تاریخ کی سب سے بڑی عوامی تقریبات میں شمار کی جا رہی ہے، جس میں ملک بھر سے شائقین کی بڑی تعداد شریک ہونے کی توقع ہے۔







