انگلینڈ نے فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں میکسیکو کو اس کے ہوم گراؤنڈ ازٹیکا اسٹیڈیم میں دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
شدید بارش اور خراب موسمی حالات کے باعث میچ کا آغاز تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر سے ہوا، تاہم کوچ تھامس ٹوخل کی زیر قیادت انگلش ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔
پہلے ہاف کے اختتام سے چند لمحے قبل جوڈ بیلنگھم نے صرف 98 سیکنڈ کے وقفے میں دو گول اسکور کرکے انگلینڈ کو واضح برتری دلائی۔ اگرچہ جولین کوئنونیس نے وقفے سے پہلے ایک گول کرکے میکسیکو کی امیدیں برقرار رکھیں، لیکن انگلینڈ نے اپنی برتری قائم رکھی۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں جیرل کوانسا کو ریڈ کارڈ ملنے کے بعد انگلینڈ کو بقیہ میچ دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میکسیکو نے مسلسل حملے کیے، تاہم گول کیپر جارڈن پِکفورڈ نے کئی شاندار سیوز کرکے ٹیم کو سہارا دیا۔
بعدازاں انتھونی گورڈن پر فاؤل کے نتیجے میں ملنے والی پنالٹی کو ہیری کین نے گول میں تبدیل کر کے انگلینڈ کی برتری مزید مستحکم کر دی۔ بعد میں میکسیکو کو بھی پنالٹی ملی، جس پر راؤل خیمنیز نے گول اسکور کیا۔
میچ کے آخری لمحات میں میزبان ٹیم نے بھرپور دباؤ ڈالا، لیکن انگلینڈ نے اضافی 11 منٹ کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے فتح اپنے نام کر لی۔
اب کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کا سامنا ناروے سے ہوگا، جہاں ہیری کین اور ایرلنگ ہالینڈ کے درمیان دلچسپ مقابلے کا امکان ہے۔







