فیفا ورلڈ کپ: امریکا اور پرتگال کی رخصتی کے بعد کوارٹر فائنل ٹکٹوں کی قیمتیں نمایاں کم ہوگئیں

نیویارک (اسپورٹس ڈیسک): فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے سے قبل امریکا اور پرتگال کی ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد ثانوی ٹکٹ مارکیٹ میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں اہم میچوں کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس میں جمعے کو کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل کے سب سے کم قیمت والے ٹکٹ، جو پہلے تقریباً 2950 ڈالر میں فروخت ہو رہے تھے، اب کم ہو کر تقریباً 1200 ڈالر تک آ گئے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ کمی امریکا کی بیلجیئم کے ہاتھوں شکست اور پرتگال کی اسپین کے خلاف ناکامی کے بعد سامنے آئی۔ پرتگال کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے ساتھ ہی کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ سفر بھی اختتام کو پہنچ گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر امریکا اور پرتگال کوارٹر فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوتے تو شائقین کی دلچسپی زیادہ ہوتی، جس کے باعث ٹکٹوں کی طلب اور قیمت دونوں بلند رہتیں۔
دوسری جانب فرانس اور مراکش کے درمیان کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل کو اس مرحلے کا نسبتاً کم قیمت والا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ابتدائی ٹکٹ تقریباً 989 ڈالر میں دستیاب ہیں۔
ادھر 19 جولائی کو نیو جرسی میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ فائنل کے ٹکٹوں کی ابتدائی قیمت تقریباً 9346 ڈالر تک پہنچ چکی ہے، تاہم ماہرین کے مطابق فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کے تعین کے بعد ان قیمتوں میں مزید ردوبدل متوقع ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران کوارٹر فائنل میچز کے ٹکٹوں کی اوسط قیمت میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ فروخت کے لیے دستیاب ٹکٹوں کی تعداد میں بھی واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں