ملتان (نمائندہ خصوصی) عید میلاد النبیؐ کے موقع پر ملتان ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے دعوئوں کا ریسکیو 1122 کی رپورٹ نے پول کھول دیا۔ عید میلادالنبیؐکے روز ملتان سمیت گردونواح میں 101 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 95 ملتان، 4 شجاع آباد اور 2 جلال پور پیر والا میں پیش آئے۔ عید میلاد النبیؐ سے ایک روز قبل ٹریفک حکام کی جانب سے شہر میں ٹریفک انتظامات کے حوالے سے خصوصی اقدامات اور پلان جاری کیا گیا تھا، تاہم عید کے روز صورتحال اس کے برعکس دکھائی دی۔ دن کے اوقات میں جب شہر میں ٹریفک کا دباؤ نہ ہونے کے برابر تھا، مختلف مقامات پر بعض ٹریفک وارڈنز گپ شپ اور شہریوں کے چالان کرنے میں مصروف نظر آئے جبکہ شام کے وقت جب ٹریفک کا دباؤ بڑھا، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں شروع ہوئیں اور مختلف شاہراہوں پر ٹریفک متاثر ہونے لگی تو متعدد مقامات پر ٹریفک وارڈنز غائب دکھائی دیے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے عید کے موقع پر جاری کیے گئے خصوصی انتظامات کے عملی نتائج کہیں نظر نہیں آئے، جبکہ ریسکیو رپورٹ میں 101 ٹریفک حادثات کا سامنے آنا ٹریفک مینجمنٹ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عید کے موقع پر ٹریفک پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ حادثات کی وجوہات اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے تاکہ مستقبل میں اہم مواقع پر ٹریفک انتظامات صرف پریس ریلیز تک محدود نہ رہیں۔







