خان پور میں دوہرے قتل کا مرکزی ملزم گرفتار، غیرت کے نام پرجرم

خان پور(نمائندہ قوم)ریلوے کالونی خان پور کا لرزہ خیز دوہرا قتل پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مرکزی ملزم گرفتار کرلیا ملزم کا اعتراف جرم مزید سنسنی خیز انکشافات منظر عام پر آ گئے تفصیلات کے مطابق خان پور کی ریلوے کالونی میں پیش آنے والا دوہرے قتل کا ہولناک واقعہ محض ایک واردات نہیں بلکہ معاشرتی بگاڑ، جرائم پیشہ نیٹ ورک اور انسانی مجبوریوں کی ایک طویل اور افسوسناک داستان بن کر سامنے آیا ہے۔ پولیس تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے والے انکشافات نے کئی چونکا دینے والے پہلو بے نقاب کیے ہیں ۔باوثوق ذرائع کے مطابق مرکزی کردار افتخار مان جٹ عرف ساجد کا تعلق چشتیاں سے ہے، جو پہلے ہی گھریلو مسائل، بیماری اور مالی مشکلات کا شکار تھا۔ جگر کی بیماری کے باعث وہ شدید ذہنی و جسمانی اذیت سے گزر رہا تھا، جبکہ بے روزگاری نے اس کی زندگی مزید اجیرن بنا دی۔ انہی حالات میں اس کی ملاقات ایک ایسے گروہ سے ہوئی جو سادہ لوح افراد کو شادی کا جھانسہ دے کر لوٹنے کے مکروہ دھندے میں ملوث تھا۔افتخار اپنی دوسری بیوی سجو مائی کے ساتھ بہتر مستقبل کی امید میں اس گروہ کا حصہ بن گیا۔ سجو مائی کو بطور لالچ استعمال کرتے ہوئے سندھ کے مختلف علاقوں میں لوگوں کو شادی کے نام پر لوٹا جاتا رہا۔ اس دوران یہ جوڑا خان پور کی ریلوے کالونی میں ایک کوارٹر میں منتقل ہوا جہاں گروہ کا مرکزی کردار اشفاق مغل اور اس کی ساتھی کلثوم مائی بھی موجود تھے ذرائع کے مطابق اس گروہ کی سرگرمیاں صرف مالی دھوکہ دہی تک محدود نہ تھیں بلکہ سنگین نوعیت کے جرائم بھی اس کا حصہ تھے۔ذرائع کے مطابق اس کی بیوی کو نشہ آور اشیاء کے ذریعے بے بس کر کے اس کے ساتھ زیادتی کی جاتی رہی جبکہ اس کے کمسن بچے کو دباؤ کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ یہ تمام عوامل افتخار کے اندر شدید ردعمل کا باعث بنے واقعہ کی رات، جب معمول کے مطابق نشہ آور چائے دی گئی، افتخار نے چالاکی سے اسے پینے سے گریز کیا۔ رات کے پچھلے پہر اس نے موقع پا کر اشفاق مغل کو کلہاڑی کے وار سے قتل کر دیا۔ بعد ازاں کلثوم مائی کو بھی گلا گھونٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا تاکہ کوئی گواہ باقی نہ رہے واردات کے بعد ملزم اپنی بیوی اور بچے سمیت فرار ہو گیا، تاہم پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے احمد پور شرقیہ، چشتیاں اور بالآخر میکلوڈ گنج کے قریب سے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی طور پر انکار کے بعد ملزم نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف کر لیا ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں