اسلام آباد: سفارتی ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کل یعنی اتوار کو منعقد ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان اس حوالے سے اپنی مشاورت کے نتائج واشنگٹن تک پہنچانے کی تیاری کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک اہم سفارتی پیش رفت کے تحت ایران کے وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے پہلے مرحلے کے بعد اگلے دور کے مذاکرات سے متعلق توقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے دور کے مذاکرات میں دونوں فریقین کے درمیان مزید رابطوں کی بنیاد رکھی گئی تھی، جبکہ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقاتوں میں حالیہ پیش رفت اور آئندہ مذاکرات کے امکانات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
باخبر ذرائع کے مطابق اگر اسلام آباد میں ہونے والی مشاورت سے مثبت اشارے سامنے آتے ہیں تو پاکستان ان نتائج سے امریکا کو باضابطہ طور پر آگاہ کرے گا، جس کے بعد مذاکرات کے دوسرے دور کی راہ ہموار ہونے کا امکان ہے، جو ابتدائی طور پر اتوار کو متوقع ہیں۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق امریکی وفد کے ارکان ہفتہ کی صبح (امریکی وقت کے مطابق) پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے، جو پاکستان کے وقت کے مطابق ہفتہ کی رات کے قریب پہنچیں گے۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق اس پیش رفت کے عملی شکل اختیار کرنے کے بعد مذاکرات کے وقت اور ایجنڈے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔ اس سفارتی پیش رفت کو عالمی سطح پر اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس کے اثرات خطے اور دنیا پر مرتب ہو سکتے ہیں۔







