اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر شہری شدید خوفزدہ ہوگئے، جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع مردان، شانگلہ، بونیر اور سوات میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اس کے علاوہ مری کے سیاحتی علاقے اور نتھیاگلی میں بھی زلزلے کے اثرات محسوس کیے گئے جس سے مقامی آبادی میں اضطراب کی کیفیت پیدا ہوگئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے چند سیکنڈ تک جاری رہے، تاہم فوری طور پر کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق 27 اپریل 2026 کو صبح 11 بج کر 46 منٹ پر آنے والے زلزلے کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی تقریباً 170 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا، جس کے جھٹکے پاکستان کے مختلف علاقوں تک محسوس کیے گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ گہرائی میں واقع ہونے کی وجہ سے وسیع علاقے میں محسوس کیا گیا، تاہم اس نوعیت کے زلزلے عام طور پر سطح پر کم نقصان کا سبب بنتے ہیں۔
شہریوں میں وقتی خوف ضرور پیدا ہوا لیکن مجموعی طور پر صورتحال قابو میں رہی اور بڑے نقصان کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں