وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اب پاکستان اپنے سفارتی تعلقات کو سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے استعمال کرے گا، تاکہ معیشت میں پائیدار ترقی ممکن بنائی جا سکے۔
کراچی میں فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے دوسرے جائزے پر اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے، اور قسط کی منظوری کے لیے بورڈ کا اجلاس دسمبر کے آغاز میں متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ماضی میں روایتی پارٹنرز نے فنڈنگ فراہم کی، مگر اب توجہ براہ راست سرمایہ کاری پر ہوگی، جس کی قیادت نجی شعبہ کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلو اکانومی میں بے پناہ امکانات موجود ہیں اور حکومت مصنوعی ذہانت پر مبنی ترقی کے لیے درکار انفرااسٹرکچر فراہم کرے گی۔
وزیر خزانہ نے انکشاف کیا کہ گوگل نے پاکستان میں دفتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ پاکستان کو ایکسپورٹ حب کے طور پر دیکھ رہا ہے، جو ملکی ڈیجیٹل معیشت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔







