ملتان،خان پور (وقائع نگار،نمائندہ خصوصی) کینسر بچائوویکسین پرتحفظات کے باعث ملتان میں والدین نےبچیوں کولگوانے سےانکارکردیا،خان پورسکول میں ہنگامہ آرائی ہوگئی۔تفصیل کےمطابق پنجاب حکومت کی جانب سے لڑکیوں میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کا آغاز ہونے کے باوجود ملتان کے سرکاری سکولوں میں والدین کی لاعلمی اور خدشات کی وجہ سے رکاوٹ کا باعث بن گئی ہے۔ گزشتہ روز ملتان کے مختلف سکولوں میں ویکسین لگانے والی ٹیموں کو مثبت جواب نہ ملا جبکہ گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائی سکول نمبر ون میں طالبات نے والدین کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے ویکسین لینے سے انکار کر دیا۔ ملتان شہر کے متعدد سرکاری سکولوں میں ویکسینیشن ٹیمیں پہنچیںمگر مطلوبہ آگاہی کی کمی کی وجہ سے والدین کی اکثریت اس ویکسین کے بارے میں ابہام کا شکار ہے۔ نتیجتاًبہت سی طالبات نے والدین کی رضامندی نہ ہونے کی بنیاد پر ویکسینیشن سے گریز کیا۔گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائی سکول نمبر ون میں ایک ویکسینیشن ٹیم طلبہ کی صحت کی جانچ پڑتال کے بعد ویکسین لگانے اٹھی، مگر تقریباً تمام طالبات نے انکار کر دیا۔ ایک طالبہ نے بتایا کہ والدین نے کہا ہے کہ ویکسین کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی اجازت دیں گے، کیونکہ انہیں اس کے مضر اثرات کا خوف ہے۔ اس انکار کے بعد ٹیم کو خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑاجبکہ سکول انتظامیہ نے والدین کو آگاہی سیشنز بلانے کا اعلان کیا ہے۔محکمہ سکولز ایجوکیشن کے ایک سینئر افسر نے اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ویکسین کینسر سے بچاؤ کے لیے انتہائی موثر اور محفوظ ثابت ہوئی ہے۔محکمہ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں سکولوں، مسجدوں اور کمیونٹی سینٹرز میں خصوصی آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ ویکسینیشن مہم کو مزید وسعت دی جائے گی۔خان پور سےنمائندہ خصوصی کےمطابق ریلوے گرلز ہائی سکول میں ہیلتھ ٹیم طالبات کو ویکسین لگانے پہنچنے کی اطلاع ملتے ہی طالبات کے والدین سکول کے باہر جمع ہوگئے۔ طلبا کے والدین کا بچوں کو ویکسین لگوانے سے انکار۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ہیلتھ نے ہمیں ویکسین بارے کسی قسم کی آگاہی فراہم نہیں کی ۔ہمارے بچوں کو کچھ ہوا تو سکول انتظامیہ ذمہ دار ہوگی ۔ زبردستی ویکسین لگائی گئی تو ہم سکول انتظامیہ محکمہ ایجوکیشن , محکمہ صحت رحیم یار خان کے خلاف عدالت رجوع کرینگے ۔اس حوالے سے سکول پرنسپل سے رابطہ کیا تو انکا کہنا تھا کہ کسی بھی بچی کو زبردستی ویکسین نہیں لگائی جا رہی۔والدین اور محکمہ صحت ٹیم کی میٹنگ کے لئے والدین کو بلوایا تھا غلط فہمی کی وجہ سے ہنگامہ آرائی ہوئی ۔ ڈاکٹر شفقت نے موقع پر پہنچ کر والدین کو اس حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ والدین کی مرضی کے بغیر کسی بھی بچی کو ویکسین نہیں لگائی جائے گی۔خان پور محکمہ ہیلتھ کی ٹیموں نے بچوں کو کینسر سے تحفظ کی ویکسین لگانے کی مہم شروع کررکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ والدین افواہوں پر یقین نہ رکھیں بچوں کو کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگوائیں ۔مشتعل والدین نے ویکسین لگوانے سے صاف انکار کر دیا۔









