آج کی تاریخ

کچے کے ڈاکو صادق آباد پہنچ گئے،2 تھانوں کی ناک تلے بچے سمیت 5 افراد اغوا

رحیم یار خان (بیورو رپورٹ) تھانہ کوٹ سبزل اور تھانہ احمد پور لمہ کی ناک تلے اغوا کی 2 بڑی وارداتیں ،درجن بھرکچے کے ڈاکوؤں نے 6 سالہ بچے سمیت 5 افرادکو اسلحہ کے زور پر اغواکرلیا۔تحصیل صادق آباد میں اغواکی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے عوام عدم تحفظ کا شکار ،گھروں سے نکلنے سے ڈرنے لگے۔تفصیل کے مطابق ضلع رحیم یارخان ایک مرتبہ پھر جرائم پیشہ عناصر کےریڈار پر آگیا ،پنجاب کی آخری تحصیل صادق آباداور تین صوبوں پنجاب،سندھ اور بلوچستان کے سنگم پر آخری تھانہ کوٹ سبزل اور تھانہ احمد پور لمہ کی حدود میں رات گئے ایک درجن سے زائد جدید اسلحہ سے لیس ڈاکوؤں نے دھاوا بو ل کر 6 سالہ بچے سمیت 5 افراد کو اسلحہ کے زور پر اغوا کرلیا۔انٹیلی جینس بیسڈ ذرائع کے مطابق تھانہ کوٹ سبزل کی حدود ماڑی جندو خان کے قریب سے اسلحہ بردار ڈاکوؤں نے شعبان ورند اور اسکے ڈرائیور،تھانہ احمد پور لمہ کی حدود بستی کٹہ موضع راجڑ کے علاقہ سے ٹربائن(ٹیوب ویل)کی راکھی موجود 3 افراد امان اللہ،زمان اللہ اور 6 سالہ رضوان کو ایک درجن سے زائد ڈاکواسلحہ کے زور پر اغوا کرکے کچہ کے علاقوں میں فرار ہوگئے،اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے ناکہ بندی کرتے ہوئے کاروائی کا آغاز شروع کردیاہے۔واضح رہے کہ ماضی میں تھانہ کوٹ سبزل اور تھانہ احمد پور لمہ کی حدود سے درجنوں افراد کو اغواء کیا جاچکا ہے،ذرائع کے مطابق کئی افراد بھاری تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا ہوئے جبکہ درجنوں افراد کو ڈاکوؤں نے قران پاک کے صدقے پر چھوڑ دیا تھا،پنجاب کی آخری تحصیل صادق آباد میں اغواء برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں اورشام ہوتے ہی گھروں میں محصور ہونے لگے ہیں،عوامی سماجی حلقوں اور سول سوسائٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب،آئی جی پنجاب ،ڈی آئی جی ساؤتھ پنجاب،ڈی پی او رحیم یارخان سے ضلع میں امن وامان ،اغواء برائے تاوان کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور انداز میں آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں