مظفرگڑھ(بیورورپورٹ)موضع رکھ درگھ کوٹ ادو کے رہائشی غلام حسن کشک نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے موضع کا پٹواری یونس نتکانی قبضہ مافیا کے ساتھ ملا ہوا ہے اور عرصہ دراز سے براجمان اور لوٹ مار جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے تین مرلہ کے قبضہ وارنٹ پرعمل درآمد کی بجائے ہمارے دوسرے زیر کاشت رقبہ پر قبضہ کرانے کے در پے تلا ہوا ہے۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ میری موضع رکھ درگھ میں ملکیتی اراضی بھی ہے اور ہم شیر زمان و نذیر بیگم مرحومین کا رقبہ 200 کنال اور 6 مرلے 30 سالوں سے جو ہمارے پاس ہے پر فصلات کاشت کررہے ہیں۔ اس رقبہ کا مختار عام پہلے شیر زمان نے مجھے دیا تھا اور پھر اس کی وفات کے بعد اس کے وارث بیٹے شہزاد احمد نے مجھے مختار عام دیا ہے۔میں مسلسل اس رقبہ پر فصلات کاشت اور دیکھ بھال کرتا ہوں اوراسکا سالانہ ٹھیکہ ہر سال باقاعدگی سے ادا کرتا ہوں۔ تقریبا 8 سال پہلے میری برادری کے ایک شخص جو ہمسایہ بھی ہے بشیر احمد کشک نے میرے زیر استعمال تین مرلے رقبہ پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے جس کے بارے میں حکام بالا کو درخواستیں دیں۔ 7 سال قبل اسوقت کے اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو نے عملہ فیلڈ سے اس بارے حد براری اور رپورٹ منگوا کر اسی کھاتہ نمبر 118 میں اپنے بروئے حکم نمبر 54/AC/R مورخہ 3 مارچ 2018 کو قبضہ وارنٹ بیدخلی جاری کرکے رقبہ ہمارے حوالے کرانے کا حکم جاری کیا لیکن عملہ فیلڈ نے عمل نہ کیا جس پر عدالت عالیہ لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں رٹ دائر کی اور عدالت عالیہ نے ہماری رٹ پٹیشن نمبر 19474/2019میں ہمارے حق میں فیصلہ دیا لیکن اس پر بھی عملدرآمد نہ ہوا اب پھر ہم نے اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو کو درخواست دی جنہوں نے 9 روز قبل 21 اکتوبر کو رپورٹ و بحث کے بعد قبضہ وارنٹ جاری کر کے عملہ ریونیو کو پولیس کی مدد سے 3 مرلے بشیر احمد سے واگذار کراکر ہمارے حوالے کرنے کا حکم دیا۔ موضع کا پٹواری یونس نتکانی آیا اور ہمیں کہا کہ آپ کاغذ پر دستخط کر دیں میں رقبہ دلوا دیتا ہوں اور پولیس کی ضرورت بھی نہیں ہے مگر وہ رقبہ دلوانے کی بجائے قبضہ مافیا کے ساتھ مل گیا اور یہ زمین جسکے قبضہ وارنٹ جاری ہیں ہمیں دلوانے کی بجائے الٹا ہمیں دھمکیاں اور مزید زمین پر قبضہ کرانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹواری یونس نتکانی ہمارے سے ہزاروں روپے رشوت بھی وصول کر چکا ہے اور اب قبضہ وارنٹ کے باوجود اراضی بھی نہیں دلوا رہا ہے جبکہ بشیر احمد وغیرہ ہمیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں ۔غلام حسن کشک نے کمشنر ڈیرہ غازی خان سے مطالبہ کیا کہ اسکے قبضہ وارنٹ پر عملدرآمد کرائیں اور ڈی پی او مظفرگڑھ اسے تحفظ فراہم کریں۔








