ملتان (وقائع نگار) کسٹم سپرنٹنڈنٹ نے مبینہ طور پر ایک لاکھ روپے رشوت وصول کر کے کسان سگریٹ کے 10 کارٹن چھوڑ دیئے۔ اس ضمن میں معلوم ہوا ہے کہ کسٹم سپرنٹنڈنٹ گجرات راؤ وقار نے لاہور کارگو کا ڈالا پکڑا اس میں سے کسان سگریٹ کے 10کارٹن نکال لیے بعد ازاں راؤ وقار نے مالک علی سے کہا کہ ایک لاکھ روپے اور سات کارٹن فنگس لگے ہوئے سگریٹ کے دے دو گے تو میں آپ کو کسان سگریٹ کے 10کارٹن دے دوں گا ۔رات گئے راؤ وقار کو علی نے ایک لاکھ روپے دے دیے جس پر راؤ وقار نے علی کو سگریٹ کے کارٹن واپس کر دیے۔ بعد ازاں سپرنٹنڈنٹ راؤ وقار نے علی سے کہا کہ میرے پاس ایک ڈالا کاسمیٹکس اور ایک ڈالا ایرانی قالین کا ہے اس سامان کی تو کسی پارٹی سے ڈیل کرا دو جس پر علی نے کہا کہ میرے پاس کوئی پارٹی نہیں ہے۔ واضح رہے کہ کسٹم حکام کو پاکستانی برانڈ کے سگریٹ پکڑنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ جب اس سلسلے میں علی سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ راؤ وقار نے ایک لاکھ روپے لے کر سگریٹ چھوڑے ہیں حالانکہ پاکستانی سگریٹ پکڑنے کا انہیں اختیار ہی نہیں ہے۔
